پاک ایران دوستی دنیا کیلئے مثال ثابت ہو گی، ایرانی وزیر داخلہ

اپ ڈیٹ 06 مئ 2014
ایرانی وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی کی چوہدری نثار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس۔ فوٹو: پی آئی ڈی
ایرانی وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی کی چوہدری نثار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس۔ فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ایران سے مضبوط تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق منگل کو اپنے ایرانی ہم منصب عبدالرضا رحمانی فاضلی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں چوہدری ثنار نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں ممالک کے عوام مثالی تعلقات چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معلومات کے تبادلے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان ہاٹ لائن کے قیام پر اتفاق کیا گیا اور اس حوالے سے آئندہ ایک دو روز میں مشترکہ کمیشن تشکیل دیا جائےگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں کی کوئی شکایت نہیں ملی۔

اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ پاکستان میں امن اور تعاون کا پیغام لے کر آئے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات دنیا کے لئے مثال ثابت ہونگے۔

ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی رہنماؤں سے سرحدوں پر مشترکہ منڈیوں کے قیام کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

اس سے قبل ایرانی وزیرداخلہ نے وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی جس کے دوران دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران مذہبی ‘ ثقافتی ‘ تاریخی اور جغرافیائی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان، ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنے دورہ ا یران اور صدر روحانی کے ساتھ ملاقات کے منتظر ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں