اسلام آباد: پاکستان کے قانون ساز ادارے ایوانِ بالا (سینیٹ) میں حزبِ اختلاف کی جماعتوں کا ایک مشترکہ اجلاس آج صبح پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اعتزاز احسن کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں پیپلز پارٹی ، اے این پی، بی این پی، ق لیگ، بی این پی عوامی سمیت حزبِ اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے شرکت کی۔

حزب اختلاف کی جماعتوں کا مؤقف تھا کہ جب وزیراعظم پورا سال ایوانِ بالا میں اپنی پالیسیوں کی وضاحت کرنے اور ہمارا مؤقف سننے کے لیے نہیں آئے، لہٰذا ہم اب اگلے سال کے لیے صدر کا ایجنڈا کیوں سنیں۔

اے این پی کی جانب سے صدارتی خطاب کے بائیکاٹ کی تجویز دی گئی، جس کی تمام سیاسی جماعتوں نے توثیق کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں