اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئےافغانستان کی موبائل فون سمز کو پاکستان میں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کو افغانستان کی موبائل فون سمز کی پاکستان میں رومنگ کو بند کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ذرائع نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئندہ چند روز میں عمل درآمد شروع کردیا جائے گا اور افغان سموں کی پاکستان میں رومنگ سروس مکمل طور پر بند ہو جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی درخواست پر افغانستان کی سمز کی پاکستان میں رومنگ بند کرنے کا حکم جاری کیا۔

اس فیصلے سے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضربِ عضب کو کامیاب بنانے اور شدت پسندوں کا نیٹ ورک توڑنے میں مدد ملے گی۔

یہ اقدام ناصرف دہشتگردوں کے درمیان رابطے کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ اس سے اغوا برائے تاوان کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں