آئی ایس آئی ایس کا 'خلافت' قائم کرنے کا اعلان

30 جون 2014
شامی شہر رقہ میں آئی ایس آئی ایس کا ایک رکن گروپ کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ —رائٹرز
شامی شہر رقہ میں آئی ایس آئی ایس کا ایک رکن گروپ کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ —رائٹرز

بیروت: شام اور عراق میں لڑنے والے جنگجوؤں نےاپنی 'خلافت' قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اتوار کو آن لائن تقسیم ہونے والی ایک آڈیو ریکارڈنگ میں 'عراق اور الشام کی اسلامی ریاست' (آئی ایس آئی ایس) نامی گروپ نے اپنے سربراہ ابو بکر البغدادی کو 'خلیفہ' اور'دنیا بھر میں مسلمانوں کا رہنما' قرار دیا ہے۔

آئی ایس آئی ایس کے ترجمان ابو محمد العدنانی نے کہا 'اسلامی ریاست کی شوری نے ایک اجلاس میں خلافت کے موضوع پر بحث کی۔۔۔۔۔آئی ایس آئی ایس نے ایک اسلامی خلافت قائم کرنے اور مسلمانوں کا خلیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

عدنانی کے مطابق، جہادی رہنما بغدادی کو تمام مسلمانوں کا خلیفہ مقرر کیا گیا ہے۔

'بغدادی نے یہ عہدہ قبول کر لیا ہے اور اس طرح اب وہ تمام مسلمانوں کے امیر ہیں'۔

عدنانی نے مزید بتایا کہ سرکاری کاغذات اور دستاویزات میں اسلامی ریاست کے نام سے 'عراق' اور 'الشام' کے نام حذف کر دیئے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ القاعدہ کی شاخ رہنے والے گروپ آئی ایس آئی ایس نے عراق اورشام کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا ہے۔

گروپ نے دنیا بھر میں شدت پسند گروہوں سے بعیت کرنے کو بھی کہا ہے۔

اس پیش رفت سے خلیج عرب کے قدامت پسند حکمرانوں اور القاعدہ کی مرکزی قیادت کو براہ راست چیلنج درپیش ہے۔القاعدہ پہلے ہی اس گروپ سے اظہار لاتعلقی کر چکا ہے۔

سنی مسلمان عسکریت پسندوں پر مشتمل یہ گروپ القاعدہ کے سخت گیر نظریہ پر چلتا ہے جبکہ اس کی طاقت کا راز عراق جنگ میں تجربہ کار غیر ملکی جنگجو ہیں۔

گروپ کا مقصد بحرہ روم سے خلیج تک تمام سرحدیں مٹا کر اسلامی ریاست قائم کرنا ہے۔

عراق میں انسانی حقوق کے گروہوں نے آئی ایس آئی ایس پر تکریت میں قتل عام کا الزام لگایا ہے جبکہ گروپ نے بدھ کو لبنان کے ایک ہوٹل میں خود کش حملے کا دعوی بھی کیا۔

آئی ایس آئی ایس کے جنگجوؤں نے گزشتہ مہینے انتہائی تیزی کے ساتھ عراقی شہر موصل پر چڑھائی کے بعد بغداد کی جانب پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے۔

اس گروپ نے عراقی سرحد سے ملحقہ شمالی اور مشرقی شام کے علاقوں پر بھی قبضہ کر رکھا ہے۔

ایک مانیٹرنگ گروپ نے اتوار کو بتایا کہ آئی ایس آئی ایس نے شام میں آٹھ حریف باغیوں کو قتل کر دیا، جبکہ القاعدہ کے شامی ونگ اور دوسرے اسلامی گروہوں سے بھی اس کا وقتا ً فوقتاً تصادم رہتا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

KAMRAN KHAN SHAMA Jun 30, 2014 05:24am
مسلمانوں کو بد نام کررنے کی کوشش ہو ررہا ہے