پندرہ رکنی سکواڈ کیلئے دس رکنی سٹاف
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے حیران کن طور پر پندرہ رکنی پاکستان ٹیسٹ سکواڈ کے لیے دس ارکان پر مشتمل ٹیم انتظامیہ کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان دو ٹیسٹ اور تین ون ڈےمیچوں کے چھ اگست سے سری لنکا کا دورہ کرے گا۔
ٹیم انتظامیہ میں دوسرے سپورٹ عملے کے علاوہ ہیڈ کوچ وقار یونس، سپن باؤلنگ کوچ مشتاق احمد، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، فیلڈنگ اور فٹنس کوچ گرانٹ لڈن بھی شامل ہیں۔
پی سی بی نے جمعرات سے قذافی سٹیڈیم میں شروع ہونے والے تربیتی کیمپ کے شیڈول کا بھی اعلان کیا ہے ،جو چھبیس جولائی کو ختم ہو گا۔
وہ تمام کھلاڑی جو ٹیسٹ ٹیم کے لیے منتخب ہوچکے ہیں، جمعرات کو کیمپ کمانڈنٹ اور مینیجر معین خان کو رپورٹ کریں گے۔ کیمپ میں تربیت کا آغاز جمعہ سے ہو گا۔
دوسری مرتبہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے والے یونس خان بھی کیمپ میں دستیاب ہوں گے۔
تاہم ، بے پناہ اختیارات کے حامل چیف سلیکٹر اور مینیجر معین خان کی موجودگی میں شاید وقار یونس ٹیسٹ میچوں کے فائنل گیارہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں کوئی کردار ادا نہ کر سکیں ۔
ماضی میں مرحوم باب وولمر اور ڈیو واٹمور جیسے ہیڈ کوچ حتمی ٹیم کے انتخاب میں اہم کردار ادا کرتے تھے۔
سری لنکا کا دورہ سابق ٹیسٹ لیگ سپنر اور ماضی میں انگلینڈ ٹیم کے کنسلٹنٹ رہنے والے مشتاق احمد کے لیے پہلی پاکستان جاب ہو گی۔
زمبابوے کے سابق بلے باز گرانٹ فلاور قومی ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ جبکہ گرانٹ لڈن ٹیم کی فٹنس اور فیلڈنگ بہتر بنانے کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
مختلف دوروں پر مینیجر معین کے نائب رہنے والے شاہد اسلم اب وقار کی معاونت کریں گے۔
سری لنکا میں مشتاق ، فلاور اور لڈ ن پہلے ہی وقار کی معاونت کے لیے موجود ہوں گے اور ایسے میں ہیڈ کوچ کے لیے چوتھے نائب کا فیصلہ سمجھ سے بالا تر ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے آخری دورے پر شاہد دبئی سے قومی ٹیم میں شامل ہونے والے تھے کہ معین کے ساتھ مبینہ اختلافات کی وجہ سے انہیں یو اے ای سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔
معین کی جگہ وقار کے نائب کے طور پر ان کی واپسی سے اختلافات کی افواہوں کو مزید تقویت ملتی ہے۔
دس رکنی ٹیم انتظامیہ میں مزید ایک رکن کا اضافہ بھی ممکن ہے۔ امید کی جا رہی ہے قومی کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اور سابق باؤلنگ کوچ محمد اکرم بعد میں کسی مرحلے پر ٹیم انتظامیہ میں شامل ہو سکتے ہیں۔
:سری لنکا دورے کے لیے ٹیم انتظامیہ معین خان (مینیجر)، وقار یونس (ہیڈ کوچ)، مشتاق احمد (سپن باؤلنگ کوچ)، گرانٹ فلاور ( بیٹنگ کوچ)، گرانٹ لڈن (فیلڈنگ اور ٹریننگ کوچ)، شاہد اسلم (ہیڈ کوچ کے نائب)، میجر اظہر عارف (سیکورٹی مینیجر)، محمد طلحہ بٹ (تجزیہ نگار)، عثمان غنی (فزیو) اور مساج کرنے والے محمد عمران ۔












لائیو ٹی وی