نیویارک : ہر ہفتے صرف منٹ کے لیے دوڑنا بھی قبل از وقت موت کے خطرے میں ڈرامائی کمی لانے کا سبب بن سکتا ہے۔

یہ دعویٰ ایک نئی امریکی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

آئیووا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق چند منٹ کی دوڑ چاہے ہلکی رفتار میں ہی کیوں نہ ہو، کو معمول بنالینا آپ کی زندگی کو کئی برس تک طول دینے کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ ورزش انسانی صحت کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دوڑ کے عادی افراد کا اپنے اس عادت سے دور رہنے والے ساتھیوں کے مقابلے میں اگلے پندرہ برسوں میں موت کا خطرہ تیس فیصد تک کم ہوتا ہے، جبکہ دل کے دورے یا فالج جیسے جان لیوا امراض میں مبتلا ہونے کا امکان 45 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اس تحقیق سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ تھوڑی سی ورزش بھی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ بھر میں اگر کوئی شخص چھ میل تک دوڑنے کی عادت کو اپنالے تو دل کے دورے یا فالج کا خطرہ سست افراد کے مقابلے میں ساٹھ فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تحقیقی ٹیم کے قائد ڈاکٹر ڈک چل لی نے بتایا کہ ہفتے بھر میں ایک گھنٹے سے بھی کم دوڑنے کی عادت بھی موت سے بچاﺅ کے لیے اتنی ہی فائدہ مند ہے جتنا تین گھنٹے تک دوڑنا۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ چھ سال تک اس عادت کو اپنائے رکھنے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 29 فیصد جبکہ امراض قلب یا فالج سے مرنے کا خطرہ پچاس فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں