انڈیا: غیر قانونی قیام کرنے والے سیاحوں کیلئے حراستی مراکز

شائع August 7, 2014
۔ — فائل فوٹو
۔ — فائل فوٹو

پناجی: ہندوستانی ریاست گوا میں ویزہ کی معیاد ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کے لئے خصوصی حراستی مراکز قائم کئے جائیں گے۔

گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر نے بدھ کے روز پارلیمنٹ کو بتایا کہ یہ مراکز دو تین مہینوں میں وفاقی حکومت کی مدد سے قائم کئے جائیں گے۔

پاریکر نے بتایا کہ ' غیر ملکی سیاحوں کو اس وقت تک حراستی مراکز میں رکھا جائے گا جب تک ان کے ملک انہیں واپس نہیں لے جاتے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 2011 کے بعد سے 143 غیر ملکیوں پر صحیح پاسپورٹ کے بغیر سفر کرنے یا پھر ویزہ کی معیاد ختم ہونے کے باوجود قیام کرنےپر مقدمے قائم کئے گئے۔

پاریکر نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی سیاح موجودہ قوانین میں خلاء کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔'جب ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے تو وہ گوا میں ہی رہنا پسند کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ چونکہ ان کے خلاف مقدمہ درج ہےلہذا وہ اس کا نتیجہ آنے تک یہاں رہ سکتے ہیں'۔

ماضی میں پرتگال کی ایک کالونی رہنا والا گوا ہمیشہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا ہے لیکن پچھلے کچھ سالوں میں حکام نے غیر ملکی سیاحوں پر سختی کرنا شروع کر دی۔

پاریکر نے بتایا کہ ویزا کی خلاف ورزی کرنے والے اکثر سیاح منشیات کی تجارت میں ملوث ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنے خلاف ملک بدری کی کارروائی شروع ہونےپر کسی حراستی مرکز کی عدم موجودگی میں اچانک غائب ہو جاتے ہیں۔

پاریکر کے مطابق اکثر غیر ملکی سیاح اپنے پاسپورٹ پھاڑ دیتے ہیں تاکہ پولیس انہیں گرفتار کر لے اور انہیں عدالت میں مقدمہ لڑنے کے بہانے گوا میں زیادہ قیام کا موقع ملے۔

'مصدقہ کاغذات کی عدم موجودگی میں ان کی شہریت جاننا مشکل ہو جاتا ہے'۔

، مقامی سیاحوں سے امتیاز برتنے کی شکایات کے بعد گزشتہ سال غیر ملکیوں کے ساحل پر شیک بارز اور ریستورانوں میں ملازمت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

حکومت نے 2008 میں برطانوی سیاح سکارلیٹ کیلنگ کے ریپ اور قتل جیسے ہایہ پروفائل واقعات سامنے آنے کے بعد ساحل سمندر پر راتوں میں سیاحوں کی سرگرمیوں پر کریک ڈاؤن بھی کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 جون 2025
کارٹون : 22 جون 2025