کولمبو:سری لنکا کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی

شائع August 14, 2014
کولمبو: جنید خان سری لنکن کھلاڑی پریرا کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی کامیاب اپیل کرتے ہوئے۔ —رائٹرز
کولمبو: جنید خان سری لنکن کھلاڑی پریرا کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی کامیاب اپیل کرتے ہوئے۔ —رائٹرز

کولمبو: پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکن بیٹنگ لائن اچھے آغاز کے باوجود لڑکھڑا گئی۔

منگل کو سنہالیز سپورٹس کلب میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 8-261 رنز بنا لئے۔

ایک آسان وکٹ پر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی سری لنکا کو اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا۔

اوپنرز اپل تھرنگا اورکشال سلوا نے بالترتیب 92 اور 41 رنز بنائے۔ ایک موقع پر میزبان ٹیم 1-144 کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں دکا ئی دے رہی تھی لیکن چائے کے وقفے سے پہلے اور بعد پاکستانی باؤلرز میچ میں واپس آئے اور سات بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تھرنگا نے پہلی وکٹ پر سلوا کے ساتھ مل کر 79 رنز جوڑے، بعد میں انہوں نے کمار سنگاکارا کے ساتھ مل کر مجموعی سکور میں مزید 65 رنز کا اضافہ کیا۔

گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے سنگاکارا اس مرتبہ صرف 22 رنز ہی بنا پائے انہیں ریاض نے انتہائی عمدہ ان -کٹر پر بولڈ کیا۔

پاکستان کے دو لیفٹ آرم تیز باؤلرز جنید خان (4-69) اور وہاب ریاض (3-66) نے مستقل مزاجی سے سخت گرمی میں باؤلنگ کرتے ہوئے میزبان بلے بازوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھرنے نہ دیا۔

جنید خان نےآج کھیل کے اختتامی مراحل میں دوسری نئی گیند سے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز (39 رنز) آج کھیل کی آخری گیند پر آوٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

اپنے کیرئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے مہیلا جے وردھنے کو چائے کے وقفے سے پہلے اس وقت موقع ملا جب وکٹ کیپر سرفراز احمد نے جنید خان کی گیند پر ان کا کیچ گرا دیا۔

تاہم، 37 سالہ جے وردھنے اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے اور وہ چائے کے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں آف سپنر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

پاکستان کے سٹار سپنر اجمل نے آج 29 اوورز کرائے تاہم وہ 67 رنز دے کر صرف ایک وکٹ ہی حاصل کر سکے۔

سیریز برابر کرنے کی کوشش میں مصروف پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے محمد طلحہ کی جگہ ریاض کو کھلایا۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025