فوج اتنی مضبوط بنائیں گے کہ کوئی بری نظر نہ ڈال سکے، مودی
ممبئی : ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انڈیا اپنی فوج کو مزید بہتر بنائے گا تاکہ کوئی ملک " ہم پر بری نظر" نہ ڈال سکے۔
ہندوستانی وزیراعظم نے یہ بات ہفتے کے روز ممبئی میں ملکی ساختہ جنگی بحری جہاز کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا" ہمارا مقصد اپنی دفاعی صلاحیتوں کو اس حد تک بڑھا لینا ہے کہ کوئی بھی ہندوستان پر بری نظر نہ ڈال سکے"۔
انہوں نے کہا" یہ جنگی جہاز ہندوستانی انجنئیروں، ٹیکنیشنز اور دفاعی ماہرین نے تیار کیا ہے"۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ" یہ اب تک کی سب سے بڑی مثال ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم ہندوستان کو تعمیر کرسکتے ہیں، ہماری حکومت کا مقصد یہ ہے کہ فوجی ہارڈوئیر کو درآمد کرنے کی بجائے ہم انہیں برآمد کرنے کی پوزیشن تک پہنچ جائیں"۔
آئی این ایس کولکتہ نامی 6800 ٹن وزنی یہ جنگی جہاز جدید ترین ہتھیاروں کے نظام، سنسرز اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
ہندوستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور وہ اپنے دفاعی پروگرام کو اپ گریڈ کرنے کے لیے سو ارب ڈالرز خرچ کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔
نریندر مودی کی حکومت نے ہندوستانی دفاعی صنعتوں میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی حوصلہ افزائی کی ہے تاکہ فوج کو جدید بنانے کے عمل میں تیزی لائی جاسکے۔