حب: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کی تحصیل حب کے علاقے اوتھل کے قریب کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں کم سے کم دس افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ آر سی ڈی شاہراہ پر اوتھل کے مقام پر پیش آیا، جہاں دھند اور تیز رفتاری کے باعث کوچ اور ٹرک میں تصادم ہوگیا۔

حادثے میں شدید زخمی ہونے والوں طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ آر سی ڈی شاہ پر مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث اس سے پہلے بھی متعدد جان لیوا حادثے ہوچکے ہیں۔

رواں سال 22 مارچ کو حب میں آر سی ڈی شاہراہ پر دو مسافر بسوں اور ایک گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم سے کم 36 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ اس وقت حادثے کا شکار ہونے والی ان مسافر بسوں کی چھتوں پر پیٹرول کے ڈرم موجود تھے اور تصادم کے بعد ان میں آگ لگ گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں