'کانگریس اور بی جے پی لیتی رہی ہیں کالے دھن کا چندہ'

28 اکتوبر 2014
کانگریس آئی کی رہنما سونیا گاندھی اور بی جے پی کے رہنما اور ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی۔ —. فائل فوٹو
کانگریس آئی کی رہنما سونیا گاندھی اور بی جے پی کے رہنما اور ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی۔ —. فائل فوٹو

نئی دہلی: آج ہندوستانی میڈیا کی رپورٹوں میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ہندوستان میں اپنا کالادھن غیر ملکی بینکوں میں رکھنے والے ملزمان سیاسی جماعتوں کو اکثر چندے دیتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہندوستان کی حکومت نے پہلی مرتبہ سپریم کورٹ کو حلفیہ طور کر ایسے تین لوگوں کے نام بتائے تھے جنہوں نے غیر قانونی طریقے سے کمائی ہوئی اپنی دولت غیر ملکی بینکوں میں جمع کررکھی ہے۔

انڈین میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان میں ڈابر کمپنی کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پردیپ برمن، راجکوٹ کے بزنس مین پنکج چمن لال لوڑھيا اور گوا میں کان کنی کمپنی ٹمبلو کے مالک رادھا ایس ٹمبلو شامل ہیں۔

دوسری جانب انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ڈابر انڈیا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی اکاؤنٹ قانونی طریقہ کار کی تکمیل کے بعد کھولا گیا ہے۔

ہندوستان کے حالیہ عام انتخابات کے دوران بیرون ملک میں جمع کالے دھن کو واپس لانا ایک بڑا نعرہ تھا اور اقتدار سنبھالتے ہی مودی حکومت نے اس حوالے سے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔

ایک غیر سرکاری تنظیم ایسوسی ایشن آف ڈیموکریٹک ریفارمس (اےڈی آر) نے یہ دعویٰ کیا ہےکہ غیر ملکی بینکوں میں كالادھن رکھنے والے گوا میں کان کنی کی صنعت کے مالک رادھا ایس ٹمبلو اور ان کی کمپنی حکمران جماعتوں کو چندہ دیتی رہی ہیں۔

اے ڈی آر انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کی نگرانی کے حوالے سے معروف ہے۔

اس این جی او نے کل 2004-05ء سے 2011-12ء تک کے عرصے کے دوران دیے جانے والے چندے کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ٹمبلو پرائیویٹ لمیٹڈ نے نو مرتبہ بی جے پی کو اور تین مرتبہ کانگریس کو چندہ دیا۔

اے ڈی آر کے مطابق، كالادھن رکھنے والے ایک شخص اور اس کی کمپنی بی جے پی اور کانگریس دونوں کو انتخابی چندہ دیتی رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 2004-05 سے 2011-12 کے درمیان 7 سالوں میں ٹمبلو نے بی جے پی کو 9 مرتبہ کرکے کل ایک کروڑ 18 لاکھ روپے کا چندہ دیا۔ اسی طرح تین قسطوں میں کانگریس کو بھی 65 لاکھ روپے دیے۔

اس این جی او نے گجرات میں راجکوٹ کے صرافہ بازار کے تاجر پنکج چمن بھائی لوڈھيا کی جانب سے بی جے پی کو اکیاون ہزار روپے کا چندہ دیے جانے کا بھی دعوی کیا ہے۔

اے ڈی آر نے ان تمام مواقعوں پر بی جے پی اور کانگریس کو دیے گئے بینک کے چیکس کی مکمل تفصیلات اور چندہ کی رقم کا انکشاف کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں