روہت شرما کا ون ڈے میں ڈھائی سو رنز کا ریکارڈ

13 نومبر 2014
روہت شرما — بی سی سی آئی فوٹو
روہت شرما — بی سی سی آئی فوٹو

کولکتہ : انڈین بیٹسمین روہت شرما نے اس وقت نئی تاریخ رقم کردی جب وہ ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے ساتھ دو ڈبل سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹسمین بن گئے۔

روہت شرما نےکولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ کے دوران ڈھائی سو سے زائد رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی، اس سے پہلے انہوں نے تین نومبر 2013 میں 209 رنز اسکور کیے تھے۔

روہت شرما کو چار رنز پر چانس بھی ملا جب ان کا کیچ فیلڈر پکڑنے میں ناکام رہا جس کے بعد انہوں نے طوفانی انداز میں صرف کھیلتے ہوئے صرف 173 گیندوں پر 33 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے اپنی دوسری ڈبل سنچری مکمل کرکے ریکارڈ بکس میں اپنا نام درج کرلیا۔

وہ اننگ کی آخری گیند پر 264 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ میں انڈیا نے سری لنکا کو جیت کے لیے 405 رنز کا ہدف دیا ہے۔

اسی طرح انہوں نے انڈیا کے ہی وریندر سہواگ سے ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ رنز(219) کا ریکارڈ چھین کر اپنے نام کیا، جو انہوں نے آٹھ دسمبر 2011 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔

خیال رہے کہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے پہلی ڈبل سنچری سچن ٹنڈولکر نے فروری 2010 میں بنائی تھی اور اب تک اس طرز کی کرکٹ میں چاروں ڈبل سنچریاں انڈین بلے بازوں نے ہی بنائی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں