مولانا فضل الرحمان کا ملک گیر احتجاج کا اعلان

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2014
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان—۔فوٹو/ آئی این پی
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان—۔فوٹو/ آئی این پی

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سکھر میں ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے حتجاج کو آئینی اور جمہوری حق قرار دیتے ہوئے کارکنوں کو کل پورے ملک کی شاہراہیں جام کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ' آج قوم ایک بے باک اور بہادر رہنما سے محروم ہو گئی ہے'۔

ڈاکٹر خالد محمود سومرو کا قتل واضح کرتا ہے کہ ملک بھر میں قاتل دندناتے پھر رہے ہیں لیکن ریاست بالکل ہی بے بس ہو چکی ہے'۔ '

ان کا کہنا تھا کہ 'احتجاجج ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے، اگر لوگوں کو جشن منانے کا حق ہے تو ہمیں بھی احتجاج کا حق ہے اور ہمارا حق ان سے زیادہ ہے'۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ 'کل ڈاکٹر خالد سومرو کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور پورے ملک کی شاہراہیں جام کر دیں گے'۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 'ناکام ریاست کو مزید وقت نہیں دے سکتے۔ ہم قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے لیکن ریاست فوری طور پر قاتلوں کو ہمارے حوالے کرے یا پھر قتل کی ذمہ داری قبول کرے'۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس کل سکھر میں بلایا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا خالد محمود سومرو کو آج صبح سکھر میں نامعلوم افراد نے نماز فجر کی ادائیگی کے موقع پر فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔


مزید پڑھیں: سکھر میں فائرنگ، جے یو آئی رہنما خالد محمود سومرو ہلاک


دوسری جانب 30 نومبرکو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں