نئی دہلی: عام آدمی پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب

اپ ڈیٹ 11 فروری 2015
عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجری وال ۔ ۔ ۔ فوٹو: اے ایف پی
عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجری وال ۔ ۔ ۔ فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ریاستی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) نے ایک مرتبہ پھر سب جماعتوں پر واضح اکثریت حاصل کر لی ہے۔

تین روز قبل نئی دہلی میں ریاستی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے جس میں ایک کروڑ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں : نئی دہلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی جیت کی دعویدار

2012 میں ہونے والے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 28، بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے بی) نے 31 اور کانگریس نے 8 نشستیں حاصل کی تھیں۔

دہلی میں حکومت قائم کرنے کے لیے 36 نشتوں کی ضرورت پڑتی ہے اس لیے عام آدمی پارٹی نے کانگریس کی مدد سے حکومت قائم کی تھی مگر 49 دن کے بعد وزیراعلیٰ اروند کیجری وال نے استعفی دے دیا تھا۔

اروند کیجری وال کے استعفی کی وجہ بدعنوانی کے خلاف قانون سازی نہ ہونا تھی۔

حالیہ انتخابات میں جامع مسجد نئی دہلی کے امام سیداحمد بخاری نے بھی اپنی حمایت عام آدمی پارٹی کے پلڑے میں ڈالی تھی۔

مزید پڑھیں : امام شاہی مسجد کی عام آدمی پارٹی کی حمایت

ان کا کہنا تھا کہ کہ عام آدمی پارٹی ایک سیکیولر جماعت ہے، مسلمانوں کو خوشحالی کے لیے اسے ووٹ دینا چاہیے۔

البتہ عام آدمی پارٹی نے ان کی حمایت کو سختی سے رد کر دیا تھا۔

عام آدمی پارٹی کے اعلامیے کے مطابق مذہبی رہنماوں کی حمایت بی جے پی اور کانگریس حاصل کرتی ہے، عام آدمی پارٹی کو اس کی ضرورت نہیں ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق غیر حتمی طور پر سامنے آنے والے نتائج میں عام آدمی پارٹی نے 67 نشتیں حاصل کی ہیں جبکہ مرکز کی حکمران جماعت بی جے پی کو3 نشستیں ملی ہیں اسی طرح گزشتہ 15 سال سے نئی دہلی پر حکومت کرنے والی کانگریس کوئی نشست حاصل نہیں کر سکی ہے۔

بی جے پی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی امیدوار کرن بیدی نے عام آدمی پارٹی کو کامیابی پر مبارک دی ہے۔

عام آدمی پارٹی کی اتنی بڑی کامیابی کے بعد کارکنان نے جشن منانا شروع کر دیا ہے۔

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اپنی جماعت کی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو فون کیا اور مبارک باد کے ساتھ ساتھ ملکر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب کانگریس کے جنرل سیکرٹری اجے میکن نے شرمناک شکست پر استعفیٰ دے دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق اروند کیجریوال چودہ فروری کو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Shah zair khan Feb 10, 2015 11:43am
Its showing change in india, no bjp no congras, amm adme party real party in india, therefore people select them in election... Aslo changing need in paksitan.