غیرقانونی اسلحہ رکھنے پررکن اسمبلی گرفتار

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2015
خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن گوہر نواز اور ان کے بھتیجے بابر نواز کے گھروں پر چھاپہ مار کراسلحہ برآمد کرلیا گیا—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن گوہر نواز اور ان کے بھتیجے بابر نواز کے گھروں پر چھاپہ مار کراسلحہ برآمد کرلیا گیا—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

ہری پور: پولیس نے قومی وطن پارٹی (کیو ڈبلیو پی) سے تعلق رکھنے والے خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن گوہر نواز اور ان کے بھتیجے بابر نواز کے گھروں پر چھاپہ مارکر غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے انھیں حراست میں لے لیا۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق جمعے کو ہری پور کے تھانہ کھلا بٹ پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی اطلاع پر ایم پی اے گوہر نواز اور سابق امیدوار خیبرپختونخوا بابر نواز کے گھروں پر چھاپہ مار کراسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس نے اسلحہ برآمد کرنے کے بعد ایم پی اے گوہر نواز اور ان کے بھتیجے بابر نواز کو حراست میں لے لیا اور ان سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے سابق تحصیل ناظم مرحوم افتخار خان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے ان کے بھائی ذوالفقار خان کو گرفتار کرلیا گیا۔

گوہر نواز خان 2013 کے عام انتخابات میں بحیثیت آزاد امیدوار 45 ہزار کے قریب ووٹ لے کر رکن اسمبلی منتخب ہوئے، بعد ازاں انھوں نے قومی وطن پارٹی (کیو ڈبلیو پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔

وہ رکن صوبائی اسمبلی اختر نواز خان کے بھائی ہیں جنھیں 10 ستمبر 2008 میں قتل کردیا گیا تھا۔

گوہر نواز خان اپنے بھائی کی وفات کے بعد ضمنی انتخاب جیت کر خیبر پختونخوا حکومت میں شامل ہوئے تھے۔

گرفتار رکن صوبائی اسمبلی گوہر نواز خان پر 2009 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیر اعظم خان کے قتل کا بھی الزام ہے، تاہم انھوں نے ان الزامات کی تردید کردی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں