میکا سنگھ کو 'ڈاکٹر' کو تھپڑ مہنگا پڑ گیا

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2015
میکا سنگھ—۔فوٹو/ بشکریہ justbollywood.in
میکا سنگھ—۔فوٹو/ بشکریہ justbollywood.in

نئی دہلی: ہندوستان کے مشہور گلوکار میکا سنگھ پر لائیو کنسرٹ کے دوران ایک ڈاکٹر کو مبینہ طور پر تھپڑ مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر شری کانت کی مدعیت میں میگا سنگھ کے خلاف نئی دہلی کے اندر پوری پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس میں تکلیف پہنچانے اور نامناسب رویہ روا رکھنے کا الزام عائد کیا گیا۔

یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اندرپوری میں دہلی اوپتھیلمولوجیکل سوسائٹی (ڈی او ایس) کی جانب سے منعقد کی گئی ایک تین روزہ کانفرنس میں لائیو کنسرٹ کے دوران میکا سنگھ نے ایک ڈاکٹر کو تھپڑ رسید کردیا۔

رپورٹ کے مطابق پرفارمنس کے دوران میکا سنگھ نے مرد ڈاکٹروں کو اسٹیج کے دائیں اور بائیں جانب بٹ جانے کو کہا جبکہ خواتین ڈاکٹروں کو اسٹیج کے سامنے والے حصے میں رہنا تھا۔

تاہم اس دوران ایک ڈاکٹر نے خواتین والے حصے میں جانے کی کوشش کی، جس پر میکا اشتعال میں آگئے اور انھوں نے مذکورہ ڈاکٹر کو اسٹیج پر بلا کر زوردار تھپڑ رسید کیا اور پھر انھیں گارڈز کے حوالے کردیا۔

واقعے کے بعد وہاں موجود ڈاکٹروں نے اپنے ساتھی کا بھرپور ساتھ دیا اور احتجاج کرتے ہوئے گلوکار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس حوالے سے ڈی او ایس کے سیکریٹری ڈاکٹر راجیش سنہا کا کہنا تھا کہ 'تین ینگ ڈاکٹر اسٹیج کے سامنے کے حصے میں ڈانس کر رہے تھے جبکہ ہم لوگ کافی پچھلی قطار میں تھے، لہذا ہم وہی جانتے ہیں جو ہمیں بتایا گیا، لیکن جو کچھ بھی ہوا، وہ سراسر ناقابل قبول ہے'۔

راجیش سنہا کے مطابق تھپڑ کی وجہ سے ڈاکٹر شری کانت کے بائیں کان میں اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ میکا سنگھ نے انھیں کتنی زور سے تھپڑ مارا۔

اس واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بھی وائرل ہوگئی، جس میں میکا سنگھ کو ایک ڈاکٹر کو مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں