عراقی جیل سے فرار کی کوشش،قیدیوں سمیت36 ہلاک

10 مئ 2015
عراقی جیل سے فرار کی کوشش میں 36 افراد ہلاک ہوگئے — اے ایف پی فائل فوٹو
عراقی جیل سے فرار کی کوشش میں 36 افراد ہلاک ہوگئے — اے ایف پی فائل فوٹو

بغداد: عراق کے دارلحکومت بغداد میں جیل سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران قیدیوں سمیت 36 افراد ہلاک جبکہ بڑی تعداد میں قیدی فرار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

بغداد سے 50 کلو میٹڑ دور قائم خالص جیل پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی ہے۔

عراقی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ واقعے میں جیل کے 6 سیکیورٹی گارڈ اور 30 قیدی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 40 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

ترجمان برگیڈیئر جنرل سعاد معان کا کہنا ہے کہ ایک قیدی نے سیکیورٹی اہلکار کو قتل کرکے اس کا اسلحہ حاصل کیا اور جیل کے اسلحہ خانے سے مزید اسلحہ قبضے میں کرلینے کے بعد جیل سے فرار کی کوشش کی۔

انھوں نے کہا کہ جیل میں مسلح لڑائی کے دوران ایک پولیس افسر اور پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ فرار ہونے والوں میں سے 9 قیدیوں پر دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمات درج تھے۔

انھوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے 30 قیدیوں پر بھی دہشت گردی کے الزمات ہیں۔

داعش کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جیل میں قید ان کے ساتھیوں نے جیل سے باہر موجود اپنے ساتھیوں سے رابطہ کیا تھا۔

تنظیم کے مطابق 15 آئی ای ڈی کو جیل کے اطراف میں فوج اور پولیس قافلے پر دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔

داعش کا دعویٰ ہے کہ حملے کے بعد جیل میں موجود ان کے ساتھی قیدیوں نے اسلحہ خانے پر قبضہ حاصل کرکے جیل کے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا اور اس کارروائی کے دوران ان کے 30 سے زائد ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

خیال رہے کہ داعش گذشتہ دو سالوں کے دوران کئی بار ملک کی مختلف جیلوں پر حملے کر چکی ہے۔

جس میں عسکری تیظیم نے موصل اور تکریت کے علاقوں سے اپنے سیکٹروں ساتھیوں کو فرار بھی کروایا ہے۔

ادھر غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق عراقی صوبے دیالہ میں دہشت گردی کے الزامات میں قید 150 سے زائد قیدیوں نے جیل توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں