این اے 162: پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نااہل قرار

اپ ڈیٹ 12 مئ 2015
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن رائے حسن نواز —۔فوٹو/ بشکریہ رائے حسن نواز آفیشل فیس بک
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن رائے حسن نواز —۔فوٹو/ بشکریہ رائے حسن نواز آفیشل فیس بک

ملتان: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز کو الیکشن ٹریبونل ملتان نے اثاثے چھپانے پر نااہل قراردے دیا ہے۔

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی محمد ایوب نے الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائرکی تھی کہ رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز نے اپنے درست اثاثے ظاہرنہیں کیے۔

حاجی محمد ایوب کے قریبی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ پی ٹی آئی امیدوار رائے حسن نواز 87 کروڑ اثاثے، 22 کنال کمرشل پراپرٹی، سی این جی پمپس، پیٹرول پمپس، جی ٹی روڈ کے آس پاس 22 اسٹورز کے ساتھ ساتھ 36 کنال رقبے پر تعمیر رائے اقبال ٹاؤن ہاؤسنگ اسکیم کے مالک ہیں۔

ذرائع کے مطابق رائے حسن نواز کا ٹیلی فون کا بل 4 لاکھ ہے جو انھوں نے 2006 سے ادا نہیں کیا جبکہ ان کے نام پر ایک کرولا گاڑی ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ رائے حسن نواز جب مرتضیٰ حسین ٹیکسٹائل کے مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) تھے تو انھوں نے اپنے ملازم بلاول حسین اور بھابھی کےنام پر قرضہ حاصل کیا، تاہم ان کے ملازم اور بھابھی نے اس بات کی تردید کردی ہے کہ انھوں نے قرض کے حصول کے لیے اپلائی نہیں کیا تھا۔

مذکورہ درخواست کی سماعت کے بعد منگل کو الیکشن ٹریبونل نے رائے حسن نواز کی رکنیت معطل کرتے ہوئے اُن پر الیکشن لڑنے پر تاحیات پابندی لگادی جب کہ حلقے میں 90 روزکے دوران دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم جاری کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں