کم کولیسٹرول کا گھی دریافت

16 جولائ 2015
— فوٹو: بشکریہ کریٹو کارنر
— فوٹو: بشکریہ کریٹو کارنر

نئی دہلی: ہندوستان کے سائنسدانوں نے کم چکنائی کا گھی تیار کرلیا ہے جس میں 85 فیصد کم کولیسٹرول ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

تحقیق کے مطابق ہندوستان کے تین چوتھائی شہریوں کو بڑھتے ہوئے کولیسٹرول اور ٹرائگلسرائڈس کا سامنا ہے۔

اس حوالے سے ڈیری سائنسدانوں نے ذائقے پر اثر انداز ہوئے بغیر ایسا گھی تیار کرنے کی کوششوں کی ہے جو کہ ان مسائل کا متبادل ہوسکے۔

مکھن کی ایک قسم گھی ہندوستان میں کھانوں، ثقافتی ادویات اور مذہبی تہواروں میں بے پناہ استعمال کیا جاتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کے روز ہندوستان کے قومی ڈیری ریسرچ انسٹیٹیوٹ (این ڈی آر آئی) کے ڈائریکٹر آر کے ملک کا کہنا تھا کہ کیمکلز کی مدد سے گھی میں سے 85 فیصد کولیسٹرول نکال دیا گیا ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ گھی کا رنگ اور ذائقہ تبدیل نہیں ہوا صرف کولیسٹرول لیول کو کم کیا گیا ہے۔

ملک کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی ادارہ مذکورہ ٹیکنالوجی کو دلچسپی رکھنے والے کاروباری اداروں کو فروخت کرنے کا خواہاں ہے۔

ملک کا کہنا ہے کہ یہ گھی اپنی فٹنس کا خیال رکھنے والے صارفین کے لیے صحت مند آپشن فراہم کرتا ہے۔

گذشتہ روز این ڈی آر آئی نے مشرقی ہندوستان کی ریاست بہار کی ایک ڈیری کمپنی سے کم کولیسٹرول گھی کے حوالے سے معاہدہ کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں