سری لنکا کی نظریں ٹی20 سیریز میں فتح پر مرکوز

29 جولائ 2015
سری لنکن ٹیم کی باگ ڈور فاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا کے ہاتھ میں ہو گی۔ اے ایف پی
سری لنکن ٹیم کی باگ ڈور فاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا کے ہاتھ میں ہو گی۔ اے ایف پی

کولمبو: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے ہو گا جہاں سری لنکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز بچا کر دورے میں کلین سوئپ سے بچنے کی کوشش کرے گی۔

پاکستان نے اب تک دورہ سری لنکا میں میزبان ٹیم کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرنے کے بعد ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی حریف کو 3-2 سے زیر کیا۔

یہ 2006 کے بعد پہلا موقع تھا کہ پاکستان نے سری لنکا میں ایک روزہ اور ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیتی۔

تاہم موجودہ ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن اور اس وقت رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود سری لنکا کے پاس پریماداسا اسٹیڈی میں شیڈول دونوں میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر کے میچز میں کامیابی کے ذریعے اپنے مورال کی بحالی کا آخری موقع ہے۔

دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کی زیر قیادت ایک نئے روپ میں دکھائی دیں گی جہاں لاستھ ملنگا سری لنکا جبکہ پانچویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم کی باگ ڈور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کے ہاتھ میں ہو گی۔

لاستھ ملنگا ٹیسٹ میچوں سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں جبکہ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی انہوں نے چار میچوں میں شرکت کی جبکہ شاہد آفریدی ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔

ہندوستان میں ہونے والا اگلا ٹی ٹوئنٹی صرف آٹھ ماہ دور ہے اور ایسے موقع پر دونوں ٹیمیں اپنی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کریں گی تاکہ انہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

سری لنکا کے 15 رکنی اسکواڈ میں شیہان جے سوریا، داسن شناکا، دھاننجیا ڈی سلوا، بنورا فرنینڈو اور جیفری ویندرسے کی صورت میں پانچ نئے کھلاڑی شامل ہیں جنہوں نے آج تک عالمی سطح پر سری لنکن ٹیم کی نمائندگی نہیں۔

سری لنکا نے ہندوستان کے خلاف سیریز کے باعث دنیش چندیمل اور لہیرو تھری مانے کو آرام کا موقع فراہم کرتے ہوئے ٹیم سے ڈراپ کردیا ہے جبکہ سیمر نوان کولاسیکرا کو ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

سری لنکن چیف سلیکٹر کپیلا وجے گونا وردنے نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نوجوان کھلاڑیوں کو منظر عام پر لانا چاہتے ہیں تاکہ اگلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور 50 اوورز کے ورلڈ کپ سے قبل آہستہ آہستہ ٹیم میں تبدیلوں کا عمل شروع کیا جائے۔

دوسری جانب پاکستانی ٹیم میں کپتان آفریدی سمیت پانچ ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو ایک روزہ یا ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہاتھ کی انجری کا شکار وہاب ریاض سیریز سے باہر ہو چکے ہیں اور ان کی جگہ فاسٹ باؤلر ضیا الحق کو موقع دیا گیا ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں 24 وکٹیں لینے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ کے ساتھ ساتھ طویل القامت محمد عرفان کو بھی ٹی ٹوئنٹی میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: شاہد آفریدی(کپتان)، احمد شہزاد، نعمان انور، محمد حفیظ، مختار احمد، عمر اکمل، شعیب ملک، محمد رضوان، سرفراز احمد، یاسر شاہ، سہیل تنویر، عماد وسیم، انور علی، محمد عرفان اور ضیا الحق۔

سری لنکا: لاستھ ملنگا(کپتان)، تلکارتنے دلشان، کشال پریرا، کتھ روان وتھانگے، دننجیا ڈی سلوا، اینجلو میتھیوز، داسن شناکا، چمارا کاپوگیدرا، شیہان جے سوریا، تھسارا پریرا، جیفری وندرسے، نوا کولاسیکرا، بنورا فرنینڈو، چتورانگا ڈی سلوا اور ملندا سری وردانا۔

تبصرے (1) بند ہیں

فرمان اللہ ٓ Jul 30, 2015 11:26am
پاکستان ٹیسٹ اور ونڈے سیریز کی طرح ونڈے سیریز بہی جیتبے کی کوشش کریگا کوینکہ سری لنکا کے خلاف پاکستان کا ٹی ٹوٰنٹی ٹیریک ریکارڈ اچہا ہے اب خاص کر نوجوان کہلاڑی جان توڑ کر کیہلیں گے۔