نیویارک : اگر آپ کا خیال ہے کہ فیس بک اپنی مقبولیت کھونے لگا ہے تو اپنی سوچ پر نظرثانی کرلیں کیونکہ دنیا کا ہر 7 میں سے ایک شخص اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کو استعمال کررہا ہے۔

اس بات کا اعلان فیس بک کے بانی مارک زیوکربرگ نے ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔

مارک زیوکربرگ کا کہنا تھا کہ فیس بک نے پیر کو ایک اہم سنگ میل اس وقت طے کرلیا جب پہلی دفعہ ایک ہی دن میں ایک ارب افراد نے ویب سائٹ کو استعمال کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کی 7 ارب سے زائد آبادی کا بڑا فیس بک کے ذریعے اپنے دوستوں اور خاندان سے جڑا ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم اپنے صارفین کی بات کرتے ہیں تو اوسط نمبرز کو استعمال کرتے ہیں مگر اب کچھ مختلف ہوا ہے اور ہم نے پہلی بار یہ سنگ میل طے کیا ہے اور یہ تو پوری دنیا کو آن لائن منسلک کرنے کا محض آغاز ہے۔

ان کا دعویٰ تھا کہ ہماری برادری نے ہرشخص کو اپنی آواز بلند کرنے کا موقع دیا ہے تاکہ وہ موجودہ عہد کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکے۔

خیال رہے کہ فیس بک کے صارفین کی مجموعی تعداد ڈیڑھ ارب کے قریب ہے تاہم ان میں بعض صارفین روزانہ کے بجائے کبھی کبھی ہی ویب سائٹ پر لاگ ان ہوتے ہیں اسی لیے ایک ارب افراد کی جانب سے ایک ہی دن اس سائٹ کو استعمال کرنا مارک زیوکر برگ نے سنگ میل قرار دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں