ہندوستان: کم عمرلڑکی کاگینگ ریپ، 6افراد گرفتار

08 ستمبر 2015
ہندوستان میں کم عمر لڑکی کے ساتھ گینگ ریپ کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا — فائل فوٹو/ اے ایف پی
ہندوستان میں کم عمر لڑکی کے ساتھ گینگ ریپ کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا — فائل فوٹو/ اے ایف پی

نئی دہلی: ہندوستانی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کم عمر لڑکی کے ساتھ گینگ ریپ کرنے کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 17 سالہ متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا ہے کہ نوکری دلوانے کے وعدے پر وہ اپنے پڑوسی کے ساتھ نیو دہلی سے مغربی ریاست جے پور گئی تھی۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ’لڑکی کو ہوٹل لایا گیا جہاں اس کے ساتھ ہوٹل کے منیجر سمیت 10 افراد نے ریپ کیا تاہم لڑکی گزشتہ ہفتے بھاگنے میں کامیاب ہوگئی اور اس نے دہلی آکر واقعے کی شکایت درج کروائی۔‘

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پولیس افسر نے بتایا کہ لڑکی کی شکایت پر 6 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ ہوٹل سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دیگر ملزمان کی نشاندہی کی کوششیں جارہی ہیں تاکہ ان کو بھی گرفتار کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں خواتین کے ساتھ زیادتی، ان پر تشدد، ریپ اور گینگ ریپ کے واقعات عام ہیں جو کم ہی منظر عام پر آتے تھے تاہم 30 اگست 2012 میں دہلی کی مسافر بس میں نوجوان طالبہ کے ساتھ ہونے والے گینگ ریپ اور اس میں اس کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں اشتعال پھیل گیا تھا۔

اس واقعے کے بعد ہندوستان بھر خواتین کے ساتھ زیادتی کے خلاف مختلف طریقوں سے غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور ان جرائم میں ملوث ملزمان کو سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کیا جانے لگا۔

گزشتہ روز جے پور میں جاپان سے تعلق رکھنے والی نوجوان لڑکی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کا جرم ثابت ہونے پر 3 افراد کو 20 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں