ہندوستان میں صحافی کا قتل

06 اکتوبر 2015
ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نجی ٹی وی کے صحافی کو گولی مار کر قتل کردیا — فائل فوٹو/ اے ایف پی
ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نجی ٹی وی کے صحافی کو گولی مار کر قتل کردیا — فائل فوٹو/ اے ایف پی

لکھنؤ: شمالی ہندوستان کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے نجی ٹی وی کے صحافی کو گولی مار کر قتل کردیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہندوستانی پولیس کا کہنا ہے کہ واقع ملک میں حال ہی میں شروع ہوئے صحافیوں کے قتل کا تسلسل معلوم ہوتا ہے۔

ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں بازار سے گھر لوٹتے ہوئے ہندی نیوز چینل ٹی وی 24 کے رپورٹر ہیمنت یادو کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔

علاقے کے سب انسپکٹر راج کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے۔ مقتول مقامی طور پر سماجی کاموں کے حوالے سے بہت فعال بتایا گیا ہے۔

اس کا مزید کہنا تھا کہ ’سماجی کاموں میں فعال ہونے کی وجہ سے ہوسکتا ہے کہ کوئی اس کا دشمن بن گیا ہو، جو کہ اس کے قتل کا سبب بنا ہو۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں ایک آزاد صحافی کو پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی گئی تھی جس سے وہ جھلس کر ہلاک ہوگیا تھا۔

مقتول کے خاندان کا کہنا تھا کہ ججندر سنگھ کو ایک آرٹیکل کے پبلش کرنے اور اسے سوشل میڈیا (فیس بک) پر پھیلائے جانے کے بعد قتل کیا گیا، جس میں ریاست کے وزیر کو زمین پر قبضے اور دیگر غیر قانونی کاموں کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ہندوستان میں پولیس، بیوروکریٹس، سیاستدانوں اور جرائم پیشہ افراد کی جانب سے صحافیوں کو دھمکانہ ایک معمول ہے اور یہاں میڈیا سے وابسطہ افراد کو انتہائی مشکل اور دشواری کا سامنا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق رواں سال اگست میں اتر پردیش میں ایک مقامی اخبار کے رپورٹر پر بدترین تشدد کیا گیا تھا جبکہ ایک اور مصنف کو موٹر سائیکل سے باندھ کر سٹرک پر گھسیٹا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں