مچل جانسن عالمی کرکٹ سے ریٹائر

17 نومبر 2015
آسٹریلین کھلاڑی پرتھ ٹیسٹ کے اختتام پر فاسٹ باؤلر مشل جانسن کو کندھے پر اٹھائے ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلین کھلاڑی پرتھ ٹیسٹ کے اختتام پر فاسٹ باؤلر مشل جانسن کو کندھے پر اٹھائے ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

پرتھ: آسٹریلین فاسٹ باؤلر مچل جانسن نے نیوزی لینڈ کے خلاف پرتھ میں جاری ٹیسٹ میچ کے اختتام پر ہر طرز کی عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پرتھ میں جاری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن کے کھیل کے آغاز سے قبل ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے جانسن نے کہا کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ یہ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا بہترین وقت ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے چھٹے آسٹریلین باؤلر ہیں جہاں اس سے قبل سابق کپتان مائیکل کلارک، بریڈ ہیڈن، ریان ہیرس، کرس راجرز اور شین واٹسن ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے جانسن نے بیان دیا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے حوالے سے سوچ بچار کر رہے ہیں جس کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل جانسن کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔

ماضی میں اپنے ہوم گراؤنڈ پرتھ پر حریف ٹیموں کی وکٹیں بکھیرنے والے 34 سالہ فاسٹ باؤلر نیوزی لینڈ کے خلاف رواں ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں 157 رنز کے عوض صرف ایک وکٹ لے سکے۔

وہ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جہاں ان سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز صرف شین وارن، گلین میک گرا اور ڈینس لل کو حاصل ہے۔

2007 میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے جانسن نے 2008 میں 61 رنز کے عوض آٹھ جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ پیور نے جانسن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اب دنیا بھر کے متعدد بلے باز یہ جان کر سکون کا سانس لے سکیں گے کہ انہیں اب جانسن کا مزید سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جانسن نے کھیل کو ایک عظیم باؤلر کی حیثیت سے خیرباد کہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں