پاکستان سپر لیگ کی ٹیمیں نیلام

اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2015
پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیموں کی نیلامی کا اعلان کردیا۔ فائل فوٹو
پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیموں کی نیلامی کا اعلان کردیا۔ فائل فوٹو

لاہور:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہو گیا ہے جس میں پانچ اداروں نےآئندہ دس سال کے لیے 93 ملین ڈالر میں پانچوں ٹیمیں خرید لی ہیں۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ 'لیگ کا اصل اسپانسر حبیب بینک لمیٹڈ ہو گا اور لیگ کا پورا نام ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ ہوگا، اسپانسر کی مدت تین سال ہوگی جبکہ نشریات کے حقوق متحدہ عرب امارات کے نشریاتی ادارے ٹیک فرنٹ کو دیے گئے ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئٹہ کی ٹیم کو عمر ایسوسی ایٹس نے خریدا، پشاور کی ٹیم کو ہائر کے جاوید آفریدی، کراچی کی ٹیم اے آر وائی گروپ، اسلام آباد کی ٹیم کو لیونائن گلوبل اور لاہور کی ٹیم کو قطرآئل نے خریدا ہے۔

ٹیموں کی نیلامی میں سب سے مہنگی ٹیم کراچی کی ہے جس سے اے آروائی گروپ نے 26 ملین ڈالر میں خریدا، لاہور کی ٹیم کو قطر آئل نے 25.1 ملین ڈالر میں، پشاور کی ٹیم ہائر کے جاوید آفریدی نے 16 ملین ڈالر، اسلام آباد کی ٹیم 15 ملین ڈالر میں لیونائن گلوبل اسپورٹس نے خریدی جبکہ کوئٹہ کی ٹیم 11 ملین ڈالر میں عمر ایسوسی ایٹس کراچی نے خریدی۔

فرنچائز کمپنیوں سے دس سال کا معاہدہ کیا گیا ہے تاہم تین سال بعد کوئی بھی فرنچائز دستبردار ہو سکتی ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا اگلا مرحلہ کوچز کی تعیناتی کا ہے جو اگلے دس دن میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد کھلاڑیوں کے ڈرافٹ ہوں گے جس سے اگلے مرحلے میں حتمی شکل دی جائے گی۔ انھوں نے پاکستان سپر لیگ کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بین الاقوامی طرز کی کرکٹ سیکھنے اور دباؤ میں کارکردگی دکھانے کا گر سیکھنے کا بہترین موقع بھی قرار دیا۔

چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ پی ایس ایل پہلے سال خسارے کا سامنا کرے گی۔

لیگ کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل ممکنہ طور پر 19-21 دسمبر کے درمیان ہو گا جہاں ڈرافٹ سسٹم کے ذریعے ہر فرنچائز ایک ملین ڈالر تک خرچ کر سکتی ہو گی.

پی ایس ایل کا انعقاد کے 24 میچز کا انعقاد شارجہ اور دبئی میں چار فروری سے 23 فروری تک کھیلی جائے گی۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے [ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ][1] ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں