• KHI: Partly Cloudy 17.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 17.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 9.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 11.8°C

نجی اسکول پولنگ اسٹیشن بنانے کا نوٹس معطل

شائع December 4, 2015

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران نجی اسکولوں کو پولنگ اسٹیشن بنانے کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کو معطل کردیا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں ڈویژنل بینچ نے ایک درخواست کی سماعت کی جو بہادرآباد میں داؤد پبلک اسکول کو پولنگ اسٹیشن بنانے کے خلاف دائر کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ ای سی پی نے یونین کونسلز 17،18 اور 19 کے لیے نجی اسکول کی عمارت کو پولنگ اسٹیشن بنانے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

بینج نے ای سی پی کے نوٹس کو معطل کرتے ہوئے حکم دیا کہ قانون کے مطابق کسی بھی نجی جائیداد کو پولنگ اسٹیشن بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

اس سے قبل بینچ نے پٹیشنر کے وکیل عبدالستار پیرزادہ سے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت عدالت اس معاملے میں الیکشن سے ایک روز قبل حکم جاری کرے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انتظامیہ فوری طور پر متبادل پولنگ اسٹیشن کا بندو بست کرسکتی ہے جیسا کہ بدین میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے ایک روز قبل 22 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ ای سی پی نے اسکول کی عمارت پولنگ مقاصد کے لیے نہ دینے کی صورت میں اسکول انتظامیہ کو مجرمانہ کارروائی سے خبردار کیا ہے۔

بینچ کے مشاہدے میں یہ بات آئی کہ بلدیاتی انتخابات کے قانون کے مطابق پولنگ اسٹیشن صرف حکومتی عمارتوں میں قائم کیے جاسکتے ہیں۔

یہ خبر 4 دسمبر 2015 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025