اوباما- مشعل کی پہلی ملاقات کی کہانی

04 دسمبر 2015
فلم 'ساؤتھ سائیڈ وِد یو' کا ایک اسٹل شاٹ—۔فوٹو/ بشکریہ ہولی وڈ رپورٹر
فلم 'ساؤتھ سائیڈ وِد یو' کا ایک اسٹل شاٹ—۔فوٹو/ بشکریہ ہولی وڈ رپورٹر

نیویارک : امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات کی کہانی آئندہ سال سنڈینس فلم فیسٹیول کا حصہ بننے جارہی ہے.

ہولی وڈ رپورٹر کی ایک رپورٹ کے مطابق سنڈینس انسٹی ٹیوٹ نے ان 65 فلموں کا اعلان کردیا ہے، جو آئندہ برس فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی.

ان ہی فلموں میں امریکی صدر براک اوباما اور خاتون اول مشعل اوباما کی پہلی ملاقات اور لَو اسٹوری پر مشتمل فلم 'ساؤتھ سائیڈ وِد یو' (Southside With You) بھی شامل ہے.

مذکورہ فلم میں 1989 کے موسم گرما میں مستقبل کے امریکی صدر براک اوباما کو شکاگو میں مشعل رابنسن نامی خاتون کو پروپوز کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے.

فیسٹیول ڈائریکٹر جون کوپر کے مطابق فلم پریمیئر کے موقع پر صدر اوباما اور خاتون اول کو مدعو کرنا ایک اچھا اقدام ہوگا لیکن ابھی تک انھوں نے اس حوالے سے فلمسازوں سے بات نہیں کی.

سنڈینس فلم فیسٹیول کا انعقاد اگلے برس 21 سے 31 جنوری تک امریکی ریاست یوٹا میں کیا جائے گا، جس کی ابتداء اداکار رابرٹ ریڈفورڈ نے انفرادی طور پر فلمیں بنانے کے رجحان میں اضافے کے لیے کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں