کراچی: بلدیاتی الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ نے کہا ہے کہ کراچی کے میئر کے پاس اختیارات نہیں۔

منگل کو یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹرز پر میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے سیاست دان حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کو تقریباً ’اپاہج‘ بلدیاتی نظام دیا گیا ہے۔

حیدر عباس رضوی کے مطابق ’سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013‘ نے کراچی میئر کو اتنا کمزور بنا دیا ہے کہ وہ شہر میں صفائی مہم کا حکم بھی نہیں دے سکتا‘۔

’حتی کہ شہر کے میئر کو اپنے ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کیلئے بھی لوکل باڈیز کے وزیر کی منظوری درکار ہو گی‘۔

اس موقع پر ایم کیو ایم لیڈر نے الیکشن جیتنے پر مبارک باد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئےجوش اور لگن کے ساتھ کراچی کی عوام کی خدمت کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے ایم کیو ایم کو ووٹ دے کر ان پر ’بھاری ذمہ داری‘ ڈال دی ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے میئر کے عہدے کیلئے وسیم اختر، ارشاد حسن، ارشاد وہرا اور عارف خان کے نام سامنے آئے ہیں۔

میئر اور ڈپٹی میئر کے علاوہ ، ایم کیو ایم چھ میں سے چار اضلاع کی میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمین بھی بنانے جا رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں