پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا کی جنوبی وزیرستان ایجنسی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا کے علاقے تالائی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملے میں ملوث شدت پسندوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا۔

زخمی اہلکار کو پشاور کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں۔

واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے شمال مغربی علاقوں اور فاٹا میں سیکیورٹی اہلکاروں پر اس سے قبل بھی دیسی ساختہ بموں سے کئی حملے کیے جاچکے ہیں۔

پاکستان آرمی 2009 کے آپریشن کے دوران جنوبی وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کرچکی ہے اور فوجی جوان اب شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’ضرب عضب‘ میں مصروف ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں