ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو شکست
ڈھاکا: ہندوستان نے روہت شرما کی ذمے دارانہ بیٹنگ اور اشیش نہرا کی اچھی باؤلنگ کے بدولت ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش کو 45 رنز سے شکست دے دی.
ڈھاکا، میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے باؤلنگ کیلئے نسبتآ سازگار وکٹ پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا.
ابتدا میں یہ فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب 22 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے ہندوستانی ٹیم شیکھر دھاون اور ویرات کوہلی سے محروم ہو گئی جبکہ 42 کے مجموعے پر سریش رائنا بھی پویلین لوٹ گئے.
اس موقع پر یوراج سنگھ اور روہت نے بتدریج اسکور آگے بڑھانا شروع کیا اور 55 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 97 تک پہنچا دیا، یوراج سنگھ آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے.
نئے کھلاڑی ہردک پانڈیا نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور روہت شرما کے ساتھ مل کر 61 رنز کی شراکت قائم کی، روہت 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آوٹ ہوئے جبکہ پانڈیا نے 31 رنز بنائے.
ہندوستان نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 166 رنز بنائے، الامین حسین تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے.
بنگلہ دیش ٹیم نے مایوس کن انداز میں ہدف کا تعاقب شروع کیا اور چوتھے اوورمیں 15 کے اسکور پر دونوں اوپنر سمیعہ سرکار اور محمد میتھن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ چکے تھے.
شبیر رحمان اس مشکل وقت میں بنگلہ دیش کی امیدوں کا محور بنے رہے اور امرالقیس کے ساتھ 35 رنز کی شراکت بناتے ہوئے اسکور کو 50 رنز تک لے کر گئے جہاں پر امرالقیس 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شبیر نے آل راؤنڈر شکیب الحسن کے ساتھ 23 رنز کی شراکت قائم کی اور 73 کے اسکور پر ایک دفعہ پھر ساتھی کھلاڑی ان کو دھوکا دے گیا. شکیب صرف 3 رنز بنا سکے.
شبیر 82 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کےبعد سابق کپتان مشفق الرحیم اور محموداللہ نے بنگلہ دیشی اننگز کو 100 رنز تک پہنچایا لیکن ہندوستانی ٹیم کے تجربہ کار باؤلر اشیش نہرا نے پہلے محموداللہ کو 7 رنز پر اور اگلی گیند پر نئے آنے والے بلے باز مشرفی مرتضیٰ کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے لیکن مکمل نہیں کر پائے.
مشفق الرحیم اور 16 اور تسکین احمد 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرانے میں مکمل طورپر ناکام رہے.
بنگلہ دیش ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر 45 رنز سے میچ ہار گئی.
ہندوستان کی جانب سے اشیش نہرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں.
روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.
میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں.
ہندوستان: مہندرا سنگھ دھونی(کپتان)، روہت شرما، شیکھر دھاون، ویرات کوہلی، سریش رائنا، یوراج سنگھ، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، روی چندرہ ایشون، جسپریت بمرا اور اشیش نہرا۔
بنگلہ دیش: مشرفی مرتضیٰ(کپتان)، امرالقیس، سومیا سرکار، صابر رحمان، محموداللہ، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، محمد متھن، الامین حسین، مستفیض الرحمان تسکین احمد۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی