بیجنگ: چین کی حکمران جماعت ’کمیونسٹ پارٹی‘ کا کہنا ہے کہ اس نے گزشتہ سال بدعنوانی کے جرم میں جماعت کے تقریباً تین لاکھ سرکاری ملازمین کو سزا سنائی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق سینٹرل کمیشن فار ڈسپلن انسپیکشن (سی سی ڈی آئی) نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ بدعنوانی کے جرم میں 2 لاکھ افراد کو ’ہلکی سزا‘ جبکہ 82 ہزار افراد کو ’سخت سزا‘ سنائی گئی۔

سی سی ڈی آئی کے بیان میں دونوں طرح کی سزاؤں کا فرق واضح نہیں کیا گیا، تاہم مجرم قرار پانے والے تمام ملازمین کے تبادلے کیے گئے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ صدر کی اس مہم میں شفافیت کی کمی ہے اور اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

سی سی ڈی آئی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کرپشن پر نظر اور اس کی تحقیقات کرنے والے ادارے نے خطوط کے ذریعے 54 ہزار ملازمین کی سرزنش بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ کمیونسٹ پارٹی میں تقریباً 8 کروڑ 80 لاکھ اراکین ہیں، جن میں سزا پانے والوں کا تناسب صرف صفر اعشاریہ 3 فیصد بنتا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کے اندر سخت اندرونی انضباطی طریقہ کار موجود ہے اور وہ اپنے کرپٹ اراکین کو زیادہ تر خود سزا سناتی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں