کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع واشک میں پاک-ایران سرحد پر ایرانی سیکورٹی فورسز نے پاکستانی سرکاری اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

ڈان نیوز نے لیویز حکام کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ واقعہ ضلع واشک کی تحصیل ماشخیل میں پاک-ایران سرحد پر واقع بارڈر چیک پوسٹ نمبر 154 کے قریب پیش آیا۔

لیویز کے مطابق پاکستانی سروے ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم پر ایرانی بارڈر فورس کی جانب سے اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ چیک پوسٹ کا معائنہ کرنے جارہی تھی۔

مزید پڑھیں: ایرانی سرحد پر فائرنگ : 4 لیویز اہلکار زخمی

ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں پاکستانی اہلکار محفوظ رہے۔

واقعہ پر واشک کی ضلعی انتظامیہ نے ایرانی سرحدی حکام سے رابطہ کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا ہے جبکہ صوبائی محکمہ داخلہ کو بھی واقعہ سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

لیویز حکام کے مطابق رواں سال جنوری میں کوئٹہ میں پاک ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ بارڈر چیک پوسٹ نمبر 154 کا تعین کیا جائے گا کہ آیا وہ پاکستانی اور ایران میں سے کس ملک کی حدود میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پاکستانی سرحد کی خلاف ورزی

پاکستانی سروے ٹیم اسی سلسلے میں سرحدی علاقے کا معائنہ کرنے جارہی تھی کہ اس پر ایرانی فورسز نے فائرنگ کردی۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد چیک پوسٹ کے حدود کے تعین سے متعلق کام روک دیا گیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں