ایان پر منی لانڈرنگ مقدمہ درج کرنےکی درخواست رد

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2016
ایان علی کو ایک سال قبل اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا — فائل فوٹو / اے پی
ایان علی کو ایک سال قبل اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لیا گیا تھا — فائل فوٹو / اے پی

اسلام آباد : سپر ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس درج کرنے کے حوالے سے کسٹم حکام کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

وفاقی دارالحکومت کی کسٹم، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی خصوصی عدالت نے ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کسٹم حکام کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ کہ مقدمے کی استدعا کے لیے 'غیر معقول' وجوہات کو بنیاد بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالا جائے، ایان علی

کسٹم کورٹ کے خصوصی جج رانا آفتاب نے مقدمے کے اندراج کے حوالے سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں درخواست کو مسترد کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ ماڈل ایان علی پہلے ہی کرنسی اسمگلنگ کے مقدمے کا سامنا کر رہی ہیں۔

ڈان نیوز کے نمائندے حسیب بھٹی کی رپورٹ کے مطابق کسٹم عدالت نے 4 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔

جس میں کہا گیا کہ بادی النظر میں ایان علی سے پکٹری گئی رقم ان کی اپنی ہے، لہذا ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ ماڈل ایان علی کو گزشتہ برس 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ تلاشی ان کے سامان میں سے 5 لاکھ 6 ہزار 800 امریکی ڈالرز (تقریباََ 53 لاکھ روپے) برآمد ہوئے تھے۔

ملزمہ کی گرفتاری کے وقت ان کے 3 پاسپورٹ بھی ضبط کیے گئے تھے جن میں سے ایک کارآمد جبکہ دو منسوخ شدہ تھے جن پر ویزے لگے ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں : کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی پر فرد جرم عائد

ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انھیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں سماعت شروع ہوئی اور ان کو کسٹم کے عبوری چالان میں قصوروار ٹھہرایا گیا۔

بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی جسے مسترد کردیا گیا۔

ویڈیو دیکھیں : ماڈل ایان علی کرنسی اسمگلنگ کےالزام میں گرفتار

لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

اب خصوصی عدالت نے ان کے خلاف منی لانڈنگ کا مقدمہ درج کرنے کی کسٹم حکام کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے، تاہم کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ اب بھی زیرِ سماعت ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad khan Mar 31, 2016 11:28pm
اب اس مقدمے میں کچھ بھی نہیں رہا ماڈل ایان کو ایسے ہی عدالتوں کے چکر لگوائے جارہے ھیں کسٹم حکام کے پاس مقدمہ چلانے کیلئے کچھ نہیں ھے رقم ھوائی اڈے سے باہر پکڑی گئی تھی جسکی وجہ سے عدالت نے فرد جرم کی درخواست حارج کردی کسٹم حکام کسی اور کو بدنام کرنے کیلئے ایسا کرنا چاہ رہی ھے لیکن معاملہ الٹ ھوگیا ماڈل ایان لکے ساتھ کوئی ھمدردی نہیں کیونکہ ان کی کمائی بھی کوئی اچھی کمائی نہیں لیکن ایک شہری کی حیثیت سے ان کے حلاف مقدمے بند کرنے چاہئے