شاہ رخ- انوشکا، ایک مرتبہ پھر اکٹھے

04 اپريل 2016
شاہ رخ خان اور انوشکا شرما — فوٹو/ فائل
شاہ رخ خان اور انوشکا شرما — فوٹو/ فائل

بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور انوشکا شرما ایک مرتبہ پھر فلم کے لیے اکٹھے ہونے جارہے ہیں۔

فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق ہدایت کار امیتاز علی بہت جلد ایک کامیڈی فلم بنانے جارہے ہیں جس میں شاہ رخ اور انوشکا مرکزی کردار ادا کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق اس فلم میں شاہ رخ ایک سکھ سیاح کے کردار میں نظر آئیں گے جس میں ان کی اپنے گھر واپسی کا سفر دکھایا جائے گا۔

فلم کا نام اور انوشکا شرما کا کردار اب تک واضح نہیں تاہم اداکارہ بھی اس میں ایک اہم کردار ادا کریں گی۔

واضح رہے کہ انوشکا، شاہ رخ خان کے ہمراہ تیسری بار فلم میں کام کریں گی۔

مزید پڑھیں: ’رئیس‘ کے اداکاروں سے سیکھنے کو ملے گا،شاہ رخ

انوشکا شرما نے اپنے بولی وڈ کیریئر کا آغاز 2008 میں فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ سے کیا تھا جس میں شاہ رخ نے ان کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا۔

اس کے بعد 2012 میں انوشکا اور شاہ رخ ہدایت کار یش چوپڑا کی آخری فلم ’جب تک ہے جاں‘ میں نظر آئے تھے۔

اس فلم میں اداکارہ کترینہ کیف نے مرکزی کردار جبکہ انوشکا شرما نے معاون کردار ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: انوشکا شرما ’سلطان‘ کی ہیروئن بنیں گی

دونوں اداکار امتیاز علی کی فلم میں شوٹنگ کا آغاز اپنی موجودہ فلموں کی شوٹنگ کا اختتام ہونے کے بعد کریں گے۔

شاہ رخ خان اس وقت ہدایت کار گوری شندے کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ انوشکا فلم ’اے دل ہے مشکل‘ اور ’سلطان‘ کا آخری شیڈول مکمل کر رہی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں