گزشتہ کچھ برسوں کے دوران کرکٹ کی بڑھتی مقبولیت کے ساتھ کھیل میں کئی تبدیلیاں اور نئے قوانین بھی شامل کیے گئے ہیں اور اب عالم یہ ہے کہ ایک عام آدمی کیلئے ان قوانین کو سمجھنا اور یاد رکھنا آسان نہیں۔

مثلاً اگر گراؤنڈ میں بہت تیز ہوا چل رہی ہو اور وکٹ پر موجود بیلز بار بار گر رہی ہوں تو پھر ایسی صورت میں امپائر کیا قدم اٹھائیں گے؟ اس حوالے سے آئی سی سی کے قوانین کیا کہتے ہیں اکثر کرکٹ شائقین نہیں جانتے۔

آئی سی سی کے قوانین کی اس وقت مجموعی تعداد 42 ہے لیکن ڈک ورتھ لوئس میتھڈ سمیت کئی قوانین اور کرکٹ اصطلاحات اتنی پیچیدہ ہیں کہ انہیں سمجھنا ہر کرکٹ شائق کے بس کی بات نہیں۔

شائقین کی انہی مشکلات کو بھانپتے ہوئے میریلیبون کرکٹ کلب نے اسی طرح کے چند مشکل قوانین اور اصطلاحات کو سمجھانے کیلئے ایک جامع موبائل فون ایپ متعارف کروائی ہے جسے 'لاز آف کرکٹ' یعنی 'کرکٹ کے قوانین' کا نام دیا گیا ہے۔

اس خوبصورت ایپ میں کرکٹ کے تمام 42 قوانین کو خوبصورت اینی میشن، تصاویر، ویڈیوز کی صورت میں سمجھایا گیا ہے جب کہ دلچسپ کوئز کے ذریعے آپ اپنی معلومات کا بھی امتحان لے سکتے ہیں۔

ایپ میں ان قوانین کو آٹھ مختلف سیکشنز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں کھیل کی روح، اس کے طریقہ، اپیل اور آؤٹ کے مختلف طریقوں کو بیان کیا گیا ہے جبکہ امپائرز کے مختلف اشاروں کو سمجھانے کیلئے علیحدہ 18 ویڈیوز بھی فلمائی گئی ہیں تاکہ صارفین تمام طریقوں کو آسان طریقے سے سمجھ سکیں۔

ایپ میں 15 قوانین کو اینی میشنز کے ذریعے معروف مبصر، رائٹرز اور ایکٹر اسٹیفن فرائی کی خوبصورت آواز میں سمجھایا گیا ہے۔

سن1787ء میں قائم ہونے والا میری لیبون کرکٹ کلب اپنے قیام سے اب تک کرکٹ کے قوانین کی نگرانی کر رہا ہے اور آئی سی سی کسی بھی قسم کے کرکٹ قوانین کو مرتب کرنے کیلئے اس قدیم کلب سے رہنمائی لیتا ہے جو ایک گاؤں سے لے کر عالمی سطح تک ہر جگہ لاگو ہوتے ہیں۔

ایم سی سی کی یہ کاوش یقیناً قابل ستائش ہے جس نے اینڈرائیڈ اور ایپل صارفین کیلئے مفت ایپلی کیشن لانچ کرکے شائقین کرکٹ کو کرکٹ قوانین سمجھنے کا ایک موقع فراہم کیا۔

شائقین کے نقطہ نظر سے اس ایپلی کیشن کی سب سے پرکشش بات کوئز ہیں جس کے دلچسپ سوالات شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں اور اس کو تین مرحلوں آسان، درمیانہ اور مشکل تین لیولز میں تقسیم کیا گیا اور پہلے مرحلے کے بعد بقیہ دونوں مرحلوں کے سوالات یقیناً ہر کسی کے لیے بڑی آزمائش ثابت ہوتے ہیں۔

88 میگا بائٹ میموری کی یہ موبائل ایپ یقیناً ایک بھاری ایپلیکشن ہیں لیکن اس کی خاص بات یہ ہے کہ ڈاؤن لوڈنگ کے بعد اسے بغیر انٹرنیٹ کے یعنی آف لائن بھی چلایا جا سکتا ہے۔

موبائل میں فونٹ اور رنگوں کا استعمال بہت خوبی سے کیا گیا اور اس کا ڈیزائن صارفین کیلئے بہت حد تک دوستانہ اور آسان ہے۔

ایم سی سی نے یہ ایپ ڈیجیٹل ایجنسی موبانوڈ کے ساتھ مل کر تیار کی ہے جو اس سے قبل رگبی کے قوانین کے حوالے سے بھی ایک ایپ تیار کر چکی ہے۔

اگرچہ یہ ایپ مجموعی طور پر بہت آسان اور اچھی ہے لیکن اگر اس میں دیگر زبانوں مثلاً اردو، ہندی اور بنگالی زبان کو بھی شامل کر لیا جائے تو یہ سب سے زیادہ کرکٹ دیکھنے والے ایشیائی ممالک خصوصاً ہندوستان، پاکستان اور بنگہ دیش میں انگریزی نہ سمجھنے والے افراد بھی اس سے مستفیض ہو سکتے۔

ایم سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیرک بریور کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے نئے شائق کیلئے یہ ایپ ایک بہترین تعارف ہے۔ کھیل کے قوانین اور روح کے محافظ کی حیثیت سے ضروری ہے کہ ایم سی سی حالیہ سالوں میں کھیل کو ملنے والے نئے شائقین کو بھی قبول کرے اور کھیل کے قوانین تک رسائی مزید آسان ہو جائے۔

یہ ایپ فی الوقت اینڈرائڈ اور ایپل صارفین کے لیے ریلیز کی گئی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں