راولپنڈی: افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے درخواست کی تصدیق کے حوالے سے تحقیقات کے سلسلے میں، پشین کے نائب کمشنر حافظ محمد طاہر اور تحصیلدار رفیق ترین کو کوئٹہ سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے، دونوں افسران کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت کے بعد پی آئی اے کی پرواز پی کے 352 سے اسلام آباد منتقل کیا۔

حافظ طاہر نے چمن میں بطور نائب کمشنر تعیناتی کے دوران ولی محمد کے جعلی نام سے درخواستیں دینے والے، ملا اختر منصور کی درخواستوں کی تصدیق کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور ہلاک‘

وزارت داخلہ کے ترجمان نے ڈان کو بتایا کہ حافظ طاہر کو اسلام آباد طلب کیا گیا، لیکن رفیق ترین کو ایف آئی اے کی ٹیم نے معاملے کی تحقیقات کے لیے گرفتار کرلیا۔

یاد رہے کہ امریکی ڈرون طیارے نے، گزشتہ ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب ریڈ لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ملا اختر منصور کو نشانہ بنایا تھا۔

ڈرون حملے کے بعد یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملا اختر منصور نے ولی محمد کے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنا رکھا تھا، اور اس جعلی پاسپورٹ پر اس نے متحدہ عرب امارات، بحرین اور ایران کے دورے کیے۔

مزید پڑھیں: ملا منصور رکاوٹ تھے تو مری مذاکرات کیسے ہوتے، نثار

یہ رپورٹس بھی سامنے آئیں کہ ملا اختر منصور کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایرانی سرحد عبور کرکے پاکستان آرہے تھے، لیکن ایرانی حکام نے ان رپورٹس کی تردید کی۔

پاکستان کی جانب سے واقعے کے 5 روز بعد ملا اختر منصور کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، جبکہ دو روز قبل چوہدری نثار علی خان کا پریس کانفرنس کے دوران، ڈرون حملے میں ملا منصور کے پاسپورٹ اور شناختی کو نقصان نہ پہنچنے سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ اطلاع ملنے کے بعد ان کا بھی یہی سوال تھا اور اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کے شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کا حکم

انہوں نے کہا کہ ’پاسپورٹ گاڑی سےملا یا گمراہ کرنے کے لیے وہاں پھینکا گیا، تحقیقات کررہے ہیں کہ گاڑی تباہ ہونے کے باوجود پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کیسے بچ گئے۔‘

دوروز قبل وفاقی وزیر داخلہ نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو 48 گھنٹوں میں تمام پاکستانیوں کے قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کا روڈ میپ بنانے کا حکم دیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں