اسلام آباد: حج کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو جرم ثابت ہونے پر 16 سال قید کی سزا سنادی گئی۔

اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر احمد نے حج کرپشن کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔

کرپشن کیس میں سابق جوائنٹ سیکریٹری مذہبی امور آفتاب الاسلام کو بھی 16 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج راؤ شکیل کو 40 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: حامد سعید کاظمی پر فردِ جرم عائد
سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی
سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی

عدالت کی جانب سے تینوں مجرمان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے، جبکہ انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔

حج کرپشن کیس کا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں درج ہے، کیس کی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی سابق ایف آئی اے ڈائریکٹر اور موجودہ ایڈیشنل انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب حسین اصغر کر رہے تھے، جبکہ کیس کے تفتیشی افسر غضنفر عباس نے 2012 میں کیس کا حتمی چالان عدالت میں پیش کیا تھا، جس کے بعد 60 گواہوں کے بیانات قلمبند کرائے گئے، جن سے گزشتہ ہفتے جرح بھی مکمل کرلی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: حج کرپشن کیس: سابق وزیرِ اعظم اور ان کے صاحبزادے طلب

فیصلہ سنائے جانے کے وقت حامد سعید کاظمی اور آفتاب الاسلام عدالت میں موجود تھے، جس کے بعد احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا اور ہتھکڑیاں لگا دی گئیں، جبکہ راؤ شکیل پہلے ہی نیب کی حراست میں ہیں۔

گرفتاری کے بعد تمام ملزمان کو اڈیالہ جیل راولپنڈی بھیج دیا گیا۔

تمام ملزمان پر سال 2010 میں حج انتظامات میں خورد برد اور کرپشن کے الزامات تھے۔

حج اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے حامد سعید کاظمی اور حکمراں اتحاد میں شامل جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی کو اُن کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

ajmal khan Jun 03, 2016 09:03pm
صرف2010 ہی نہیں اس سے پہلے اور بعد کے حج 2016تک عازمین کو رہائش خانہ کعبہ کے قریب بھارت اور بنگلہ دیش کے حج مشن حاصل کرلیتے ہیں مگر پاکستان کے مبینہ بدعنوان حج مشن کے اہلکار نہ صرف حجاج کو لوٹتے ہیں بلکہ سرکاری خزانے کو بھی اربوں روپے کا نقصان پہنچاتے ہیں؟ جس کی وجہ جو بھی ہو ایسے حکام کے خلاف بھی کارروائی کی جائے اور سزا دلوائی جائے۔ حج 2016میں سانحہ مکہ اور سانحہ منی کے دوران پاکستانیوں کی شہادت پر بھی پاکستانی عملے کی غفلت پر کارروائی کی جائے۔
Israr Jun 04, 2016 01:21am
پاکستان کی تاریخ میں شاید یہ پہلا فیصلہ ھے جو انصاف کی بنیاد پر ھوا حج کے مقدس فریضے میں کرپشن کی یہ سزا بہت کم معلوم ھوتی ھے لیکن یہ بھی کافی ھے امید ھے کہ کرپشن کے دیگر معاملات میں ملوث بڑی مچھلیوں کو بھی عدالت کے سامنے انصاف کیلئے پیش کیا جائیگا حاجیوں کے ساتھ بدعنوانی اور بے ایمانی کرنا ناقابل معافی جرم تھا جو اج انجام کوپہنچ گیا