کیا ہو اگر ایک ساتھ کئی فلمیں 2016 کے آغاز میں ریلیز کردی جائیں۔۔۔۔ اور کیا ہوگا جب ان میں سے کوئی بھی ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کی طرح کامیاب نہ ہوپائے۔

اس سال کی دوسری ششماہی میں کافی تعداد میں فلمیں ریلیز کی جائیں گی، جن میں کچھ کافی بڑے بجٹ کی فلمیں ہیں جبکہ دیگر رومانوی، مزاحیہ اور کچھ ایکشن فلمیں ہیں۔ کیا وہ بولی وڈ اور ہولی وڈ فلموں کا مقابلہ کرسکتی ہیں؟ کسے معلوم! لیکن ایک بات جو واضح ہے وہ یہ کہ پاکستان کی ترقی پذیر فلم انڈسٹری اب ایک جگہ تھم چکی ہے۔

اس عید الفطر پر دو پاکستانی فلمیں سنیما پر جلوہ دکھانے اور سلمان خان کی ’سلطان‘ سے ٹکر لینے کے لیے تیار ہیں۔ ایک جمشید جان محمد کی ’سوال 700 کروڑ ڈالر کا‘ اور دوسری فیصل بخاری کی ’بلائنڈ لو‘ ہے۔

’سوال 700 کروڑ ڈالر کا‘ میں کئی دلچسپ مناظر شامل ہیں جبکہ اس میں معروف اداکار جاوید شیخ اور غلام محی الدین 18 سال بعد ایک ساتھ کام کریں گے جو آخری بار 1998 کی فلم ’کھل نائیک‘ میں نظر آئے تھے۔ شمعون عباسی تبدیلی کے لیے اس فلم میں مثبت کردار کر رہے ہیں جبکہ غلام محی الدین کے بیٹے علی محی الدین ماڈل قرۃ العین کے ساتھ ڈیبیو کریں گے۔ ناصر ادیب کے مضبوط ڈائیلاگ کے ساتھ واقعی 700 کروڑ ڈالر داؤ پر لگتے نظر آرہے ہیں۔

ہدایت کار فیصل بخاری اپنے فلمی کیرئیر کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کی فلم ’سلطنت‘ باکس آفس پر بری طرح فلاپ ہوئی لیکن پھر فلم ’بلائنڈ لو‘ میں (دوسرے اس کے بعد اپنی ٹیم تبدیل کرلیتے لیکن فیصل نے ایک بار پھر پرویز کلیم کے ساتھ ہی کام کیا)۔ امید کی جاسکتی ہے کہ اس بار نتیجہ کچھ اور ہو۔ معروف اداکار مصطفیٰ قریشی کے بیٹے عامر اس فلم سے ڈیبیو کر رہے ہیں اور ہندوستان کے یاسر شاہ، متھیرا محمد اور نئی اداکارہ نمرا خان اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اس فلم میں ایک آئٹم سونگ ’بٹر جوانی‘ بھی موجود ہے۔

اگست میں تین فلمیں ریلیز کی جائیں گی۔ اداکار ریحان شیخ ہدایتکاری میں فلم ’آزاد‘ کے ساتھ ڈیبیو کریں گے جس میں ان کا اہم مرکزی کردار بھی ہے۔ یہ اداکارہ صنم سعید کی اس سال کی تیسری فلم ہوگی (بچانا، ماہ میر)۔ اس کا ٹریلر چند ہفتوں پہلے ہی ریلیز ہوا جس میں ٹی وی اداکارہ سبرین حسبانی اور زاہد احمد ایک ساتھ نظر آئے ساتھ ساتھ نمرا بچہ کو بھی بڑی اسکرین پر دیکھا گیا۔

اسی مہینے مہرین جبار کی فلم ’دوبارہ پھر سے‘ ریلیز کی جاسکتی ہے جس میں حریم فاروق، عدیل حسین، علی کاظمی، صنم سعید اور شاذ خان نظر آئیں گے۔ پہلے یہ فلم سلمان خان کی ’سلطان‘ کے ساتھ عید پر ریلیز کی جارہی تھی لیکن سمجھداری دکھاتے ہوئے اس کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی۔

حسن وقاص رانا کی فلم ’یلغار‘ شاید فلم ’آزاد‘ اور ’دوبارہ پھر سے‘ سے مقابلہ کرتی نظر آئے کیوں کہ اس کی ریلیز جولائی سے آگے بڑھا دی گئی ہے۔ اس فلم میں شان شاہد، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، بلال اشرف ثنا بچہ، عائشہ عمر اور ارمینا خان کام کرتے نظر آئیں گے جو کہ سوات میں کیے جانے والے ایک آپریشن پر بنائی گئی ہے۔

اس سال، عید الضحیٰ ستمبر میں آئے گی (گزشتہ سال جوانی پھر نہیں آنی اس تہوار پر ریلیز کی گئی تھی جو کہ دسمبر تک سنیما میں کامیابی سے چلتی رہی)۔ کیا اظفر جعفری کی فلم ’جانان‘ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کی طرح کامیاب ثابت ہوگی جس میں ارمینا خان، بلال اشرف اور علی رحمان اہم کردار ادا کررہے ہیں، کیا فہد مصطفیٰ کی فلم ’ایکٹر ان لا‘ جس میں اوم پوری ڈیبیو کرنے جارہے ہیں باکس افس پر کامیاب ہوگی؟ انجم جاوید کی فلم ’زندگی کتنی حسین ہے‘ (سجل علی، فیروز خان) کو بھی اس دوڑ میں شامل کرلیں تو عید الضحیٰ فلم بینوں کے لیے سب سے بہترین وقت ثابت ہوگا۔

’لاہور سے آگے‘ ’کراچی سے لاہور‘ کا سیکوئل ہے جسے نومبر میں ریلیز کیا جائے گا۔ اس فلم میں صبا قمر کام کرنے جارہی ہیں جبکہ یاسر حسین کے مداح انہیں دوسری بار موتی کے کردار میں ایکشن کرتے دیکھ پائیں گے۔ اس فلم میں بہروز سبزواری بھی ایک لمبے عرصے بعد کام کرتے نظر آئیں گے۔ معروف اداکارہ روبینہ اشرف بھی فلم میں تھیٹر اداکار عمر سلطان اور عبداللہ فرحت اللہ کے ہمراہ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔

دسمبر میں، دو بار آسکر ایوارڈ جیتنے والی شرمین عبید چنائے اپنی کامیاب اینیمیٹڈ فلم ’3 بہادر‘ کا سیکوئل سامنے لائیں گی۔

’3 بہادر‘ کے پہلے حصے میں 3 بچوں آمنہ، سعدی اور کامل کو پیش کیا گیا تھا جن کے پاس سپر پاورز ہوتی ہیں جو منگو اور بابا بالام سے نمٹتے ہیں۔ سیکوئل میں بابا بالام واپس آئیں گے۔ اس بار اس سیکوئل کے وائس اوورز احمد علی بٹ، فہد مصطفیٰ اور ثروت گیلانی دیں گے۔

آخر میں وہ فلمیں جو شاید اس سال ریلیز ہوں یا پھر نہ ہو پائیں جن میں ہاشم ندیم کی فلم ’عبداللہ‘ شامل ہے جسے کانز فیسٹیول میں گزشتہ سال سراہا گیا تھا، فلم ریلیز کے لیے تیار ہے تاہم ڈسٹری بیوٹرز نے ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں کیا کہ اسے کب ریلیز کیا جائے گا، بالکل ایسے ہی فلم ’بادل‘ ہے جسے جمال شاہ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس کی ریلیز کو 2015 مئی سے ملتوی کیا جارہا ہے جو نہ جانے کب ریلیز ہوگی۔

شہزاد رفیق کی فلم ’سلیوٹ‘ شہید اعتزاز حسن کی سوانع حیات پر کافی عرصے سے کام ہورہا ہے تاہم اب تک اسے ریلیز کی تاریخ نہیں دی گئی۔ یہی کچھ سنگیتا کی فلم ’تم ہی تو ہو‘، نور بخاری کی فلم ’عشق پازیٹو‘ اور عمیر فضلی کی فلم ’سایہ خدائے ذوالجلال‘ کا معاملہ ہے جن کی ریلیز کی تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔

محسن علی کی کامیڈی فلم ’چھپن چھپائی‘ پر کام جاری ہے جس کے ساتھ اداکارہ سکینہ سموں بڑی اسکرین پر واپسی اختیار کریں گی، اس میں ٹی وی اداکارہ نیلم منیر کو بھی اداکاری کرتے دیکھا جائے گا اور ان کے ہمراہ احسن خان بھی نظر آئیں گے۔

معمر رانا کی فلم ‘سکندر‘ جس میں وہ خود اداکاری کر رہے ہیں، جبکہ ان کے ساتھ ندیم بیگ اور فرحان علی آغا ہیں، سعد شفاعت کی فلم ’ٹو پلس ٹو‘ جس میں اداکارہ بابرا شریف ایک بار پھر بڑی اسکرین پر نظر اآئیں گی، عمر حسن کی فلم ’ڈانس کہانی‘ اور معروف ہدایتکار سید نور کی فلم ’بھائی وانٹڈ‘ اور ’پرائس آف آنر‘ کا اب تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ایسا بھی ممکن ہے کہ پاکستانی شاہ رخ خان ساحر لودھی کی بطور ہدایت کار اور اداکار کی حیثیت سے ڈیبیو فلم ’راستہ‘ بھی 2016 کے آخر میں ریلیز کی جائے۔

یہ مضمون 12 جون کے ڈان سنڈے میگزین میں شائع ہوا تھا


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں