شکاگو: امریکا کے شہر شکاگو میں ایک شخص سوشل میڈیا پر لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 28 سالہ اینٹونیو پرکنز نے فیس بک لائیو ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران نادانستہ طور پر اپنے ہی قتل کے لمحات کو محفوظ کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق اینٹونیو اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے فیس بک پر سیلفی اسٹائل میں لائیو ویڈیو اسٹریمنگ میں مصروف تھا کہ اچانک اس دوران ایک درجن سے زائد گولیاں فائر ہوئیں۔

28 سالہ اینٹونیو پرکنز —۔ویڈیو اسکرین گریب
28 سالہ اینٹونیو پرکنز —۔ویڈیو اسکرین گریب

رات ساڑھے 8 بجے کے قریب پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو میں اس حوالے سے کچھ ریکارڈ نہ ہوسکا کہ فائرنگ کس نے کی۔

گولی لگتے ہی پرکنز کے ہاتھ سے فون گر گیا، جس کے بعد صرف چیخ و پکار سنائی دی جانے لگی۔

ایک خاتون کی آواز آئی، 'او میرے خدا۔'

اسی دوران ایک شخص نے کہا، 'جلدی کرو! پولیس کو فون کرو۔'

ایک اور خاتون نے اینٹونیو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، 'ٹونی تم ٹھیک ہو۔'

تاہم پولیس کے مطابق گردن اور سر میں گولی لگنے کے باعث اینٹونیو پرکنز کی موت واقع ہوگئی۔

پولیس نے بتایا کہ ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکا، جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

مزید پڑھیں:خاتون کی اپنی خودکشی کی لائیو اسٹریمنگ

حکام کا کہنا ہے کہ پرکنز ایک گینگ کا رکن تھا، تاہم اس کے جاننے والے چند افراد نے شکاگو کے ڈبلیو جی این ٹی وی اسٹیشن سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پرکنز اب گینگ کا حصہ نہیں رہا تھا اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ وہ فائرنگ کا مطلوبہ ہدف نہیں تھا۔

پرکنز کی ایک دوست نے ڈبلیو جی این کو بتایا، 'ہمارے بارے میں اس طرح سے مت سوچیں'۔

مذکورہ واقعے سے ایک روز قبل بھی فرانس میں ایک شخص نے ایک پولیس افسر اور ان کے پارٹنر کو ان کے گھر میں لائیو فیس بک ویڈیو اسٹریمنگ کے دوران قتل کردیا تھا۔

اس حوالے سے فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔

فیس بک ترجمان کا کہنا تھا کہ 'یہ ایک بھاری ذمہ داری ہے اور ہم محفوظ اور باعزت طریقے سے آزادی اظہار رائے میں توازن برقرار رکھنے کے حوالے سے کام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ برس مئی میں ایک خاتون نے پیرس میں ایک ٹرین کے سامنے کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا اور اس پورے عمل کو لائیو ویڈیو اسٹریمنگ ایپ پیری سکوپ پر براہ راست نشر بھی کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں