برنی سینڈرز کا ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان

12 جولائ 2016
ہیلری کلنٹن انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، ان کے ساتھ برنی سینڈرز بھی موجود ہیں۔ — فوٹو: اے پی
ہیلری کلنٹن انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، ان کے ساتھ برنی سینڈرز بھی موجود ہیں۔ — فوٹو: اے پی

پورٹس ماؤتھ: کئی ماہ کی کٹھن مہم کے بعد برنی سینڈرز نے بالآخر ڈیموکریٹک پارٹی کی ممکنہ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی ریاست نیو ہیمپشائر کے شہر پورٹس ماؤتھ کے ہائی اسکول میں برنی سینڈرز نے ہیلری کلنٹن کے ہمراہ انتخابی مہم میں شرکت کی، جو پارٹی کی صدارتی مہم کو متحد کرنے کے حوالے سے کئی ہفتوں کے مذاکرات کا نتیجہ تھی۔

برنی سینڈرز نے پرجوش شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہیلری کلنٹن کو صدارتی انتخاب کے لیے ڈیموکریٹک نامزدگی کی دوڑ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہیلری کلنٹن صدر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ہوں گی اور وہ انہیں انتخاب میں کامیاب کرانے کے لیے جو کچھ ہوسکا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ای میل تحقیقات: ’ہیلری کلنٹن پر فرد جرم عائد نہیں ہوگی’

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ یہ انتخاب اہم نہیں تو اسے چند لمحے نکال کر یہ سوچنا چاہیے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر منتخب ہوگئے تو ہماری شہری آزادی، مساوی حقوق اور ملک کے مستقبل کا کیا ہوگا۔

واضح رہے کہ صدارتی نامزدگی کے لیے پرائمری انتخابات میں ورمونٹ سے امریکی سینیٹر 74 سالہ برنی سینڈرز نے ہیلری کلنٹن سے توقع سے کئی زیادہ سخت مقابلہ کیا تھا، تاہم سابق امریکی وزیر خارجہ ان سے زیادہ ڈیلی گیٹس کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔

مزید پڑھیں: صدارتی نامزدگی،اوباما کی ہیلری کی باضابطہ حمایت

لیکن اس کے باوجود برنی سینڈرز نے انتخابی مہم سے دستبردار ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سپر ڈیلی گیٹس کی حمایت اپنی جانب کرنے کی کوشش کریں گے۔

ہیلری کلنٹن کو رواں ماہ کے آخر میں ریاست فلاڈیلفیا میں پارٹی کنونشن میں باضابطہ صدارتی امیدوار نامزد کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں