علی ظفر اتنا عرصہ کہاں تھے؟ بولی وڈ کا سوال

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2016
پاکستانی اداکار اور گلوکار علی ظفر — فائل فوٹو
پاکستانی اداکار اور گلوکار علی ظفر — فائل فوٹو

پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر کی بولی وڈ میں آخری فلم ’کِل دل‘ 2014 میں ریلیز ہوئی تھی، گلوکار دو سال کے وقفے کے بعد اب بولی وڈ ہدایت کار گوری شندے کی فلم ’ڈیئر زندگی‘ میں کام کرتے نظر آئیں گے جس میں ان کے ہمراہ عالیہ بھٹ اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

ڈی این اے کو دیئے ایک انٹرویو میں علی ظفر نے بولی وڈ سے اپنے وقفے، اس کی وجہ اور مستقبل کے پراجیکٹس کے حوالے سے بات کی۔

گھر والوں کی یاد

علی ظفر کا کہنا تھا، ’میں نے تقریباً 5 سال یہاں کام کرتے ہوئے گزار دیئے، اگر ایمانداری سے بات کی جائے تو میں اپنی فیملی سے بہت دور تھا اور میں نے اپنے بیٹے کو اسکائپ پر بڑا ہوتے دیکھا، میرا بیٹا اب پانچ سال کا ہے اور بیٹی ایک سال کی ہونے والی ہے، میں ان خاص لمحات کو مس کررہا تھا جو میرے خیال میں کام سے زیادہ ضروری ہیں‘۔

پاکستان میں بھی فلم پر کام

ان کا کہنا تھا، ’پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر ہونے والے حملے کے بعد ہم نے ارادہ کیا کہ اتنے ہی اسکول بنائیں گے، جتنے بچے اس حملے میں جان کی بازی ہار گئے تھے اور اب تک ہم 40 اسکول بنا چکے ہیں‘۔

یہی سب سے بڑی وجہ ہے کہ علی ظفر بولی وڈ سے دور رہے۔

انھوں نے بتایا، ’مجھے ایک ساتھ بہت سی فلمیں سائن کرنا پسند نہیں، میں ایک سال میں ایک ہی پراجیکٹ پر کام کرتا ہوں تاکہ میں وہ تمام کام بھی کرسکوں جو میں کرنا چاہتا ہوں‘۔

نئی چیزوں پر کام

انٹرویو کے دوران علی نے بتایا، ’میں نے فلموں میں چاکلیٹ بوائے کے کردار کیے اور اب میں کچھ منفرد کرنا چاہتا تھا، اس لیے میں نے ’کل دل‘ میں کام کیا، یہ فلم فلاپ تو ہوئی لیکن مجھے ایسے ہی کچھ الگ کرداروں میں نظر آنا تھا‘۔

فلم ’سلطان‘ کے ہدایت کار علی عباس ظفر کے ساتھ کام

علی ظفر کا کہنا تھا، ’وہ بے حد پہترین انسان ہیں اور ہم دونوں مل کر ایک پراجیکٹ کے حوالے سے مذاکرات کررہے ہیں لیکن اس وقت میں اس کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتا‘۔

فواد خان کی کامیابی سے خوش

انھوں نے کہا، ’مجھے فواد کی بولی وڈ میں کامیابی کو دیکھ کر بےحد خوشی ہوتی ہے، جب میں یہاں آیا تھا تو اکیلا تھا اور سوچتا تھا کہ مزید آڑٹسٹوں کو یہاں آنا چاہیے، دونوں ممالک میں ایسا ہونا چاہیے، مجھے امید ہے فواد کی طرح مزید آرٹسٹ بھی بولی وڈ کا حصہ بنیں‘۔

پاکستان کے مستقبل پر پُرامید

علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’پشاور اسکول پر حملے کے بعد میں نے ایک گانا ’اڑیں گے‘ بنایا تھا جس میں پاکستان کا مثبت مستقبل پیش کیا گیا تھا، پاکستان بہتری کی جانب بڑھ رہا پے، پاکستان کی فلم انڈسٹری بھی بہتر ہورہی ہے اور وہاں بہترین صلاحیت کے حامل لوگ بھی موجود ہیں، ساتھ ہی پاکستان کے نوجوان بھی بےحد ایکٹو ہیں جو کہ اچھی بات ہے‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں