’نصیرالدین شاہ کو کامیاب لوگ پسند نہیں‘

اپ ڈیٹ 08 اگست 2016
شاعر، نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر — فوٹو بشکریہ/ ہندوستان ٹائمز
شاعر، نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر — فوٹو بشکریہ/ ہندوستان ٹائمز

شاعر، نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر کا کہنا ہے کہ بولی وڈ اداکار نصیرالدین شاہ کو کامیاب لوگ پسند نہیں اور انہوں نے کبھی نصیر الدین کے منہ سے کسی کامیاب شخص کی تعریف نہیں سنی۔

انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران جاوید اختر کا کہنا تھا کہ نصیرالدین شاہ ہر اداکار پر تنقید کرتے ہیں، وہ اس سے قبل دلیپ کمار اور امیتابھ بچن پر بھی تنقید کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل نصیرالدین شاہ نے اپنے ایک انٹرویو میں بولی وڈ کے کامیاب اداکار راجیش کھنہ کو ’برا اداکار‘ کہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’70 کی دہائی میں، جب ہندی سینما میں اوسط درجے کی فلمیں لگنا شروع ہوئیں، اسی دوران راجیش کھنہ نامی اداکار اس انڈسٹری کا حصہ بنے، ان کی تمام کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ راجیش کھنہ ایک بہت ہی محدود صلاحیتوں کے حامل اداکار تھے، بلکہ وہ ایک برے اداکار تھے، وہ بہت زیادہ الرٹ رہنے والے شخص نہیں تھے، فلموں میں ان کے انتخاب نے بولی وڈ صنعت پر راج کیا‘۔

مزید پڑھیں: راجیش کھنہ کو ’برا اداکار‘ کہنے پر نصیرالدین شاہ کی معافی

اس بیان کے بعد راجیش کھنہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ نے نصیر الدین کے خلاف ٹوئٹر پر سخت ردعمل ظاہر کیا، تاہم نصیرالدین شاہ نے بعدازاں اپنے بیان پر معافی مانگ لی تھی۔

ٹوئنکل کھنہ کے شوہر اکشے کمار کا بھی اس حوالے سے کہنا تھا کہ نصیرالدین شاہ نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی، لہذا یہ قصہ وہیں ختم ہوگیا۔

تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بولی وڈ کی کچھ معروف شخصیات نصیرالدین شاہ کو ان کے اس بیان پر کبھی معاف نہیں کریں گی۔

واضح رہے کہ جاوید اختر کے علاوہ سلمان خان کے والد سلیم خان نے بھی کچھ روز قبل راجیش کھنہ کو ’برا اداکار‘ کہنے پر نصیرالدین شاہ کو 'ناقابل برداشت' اور 'مایوس شخص' کہا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں