’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل سے مداح ناخوش

15 اگست 2016
بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر — فوٹو/ فائل
بولی وڈ ہدایت کار کرن جوہر — فوٹو/ فائل

بولی وڈ کے کامیاب ہدایت کار کرن جوہر نے اپنی 2012 کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے سیکوئل کا اعلان کردیا ہے تاہم مداح اس خبر سے کچھ خوش نظر نہیں آئے۔

واضح رہے کہ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں سدھارتھ ملہوترا، عالیہ بھٹ اور ورن دھون نے ڈیبیو کیا تھا جو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھی۔

کرن جوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی فلم کے سیکوئل کا اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: ’آفر ملی تو اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 کروں گا‘

ان کا کہنا تھا ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 کے ہدایت کار پنیت ملہوترا ہوں گے جس میں ٹائیگر شروف مرکزی کردار ادا کریں گے‘۔

تاہم مداحوں کا اس خبر پر ردعمل کچھ زیادہ اچھا نہیں رہا، اس کی وجہ فلم کا سیکوئل نہیں بلکہ کاسٹ ہے، ٹائیگر شروف کو فلم میں مرکزی کردار دیئے جانے پر مداح خوش نظر نہیں آرہے جس کا اظہار انہوں نے ٹوئٹر پر بھی کیا۔

ایک صارف کا کہنا تھا ’ٹائیگر شروف اسٹوڈنٹ آف دی ایئر کے سیکوئل میں؟ کرن جوہر کیا آپ سنجیدہ ہیں؟‘

ایک صارف نے اپنی دلچسپ خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا کرن کیمرا سے باہر آکر زور سے چلائیں گے کہ اسٹوڈنٹ آف دی ایئر کے سیکوئل کے بارے میں جو کہا وہ سب مذاق ہے۔‘

کچھ لوگوں کی ٹویٹس سے تو ایسا اندازہ ہوا کہ واقعی وہ کرن جوہر کے اس فیصلے سے بالکل خوش نہیں۔

کسی نے کہا، ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 پہلی فلم جیسی نہیں ہوسکتی، یہ کرن اور ان کے پرانے اداکاروں کے بغیر نہیں بنائی جاسکتی‘۔

ایک صارف کا کہنا تھا، ’مجھے ٹائیگر سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن وہ اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 میں کام نہیں کرسکتا‘۔

ایک اور صارف نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’کرن جوہر اس سیکوئل کو اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 کا نام نہ دیں، یہ وہ نہیں ہوسکتی‘۔

کسی نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’کرن جوہر آپ نے کہا تھا کہ سیکوئل میں نئے اداکار سامنے آئیں گے، وہ کہاں ہیں؟ مجھے بہت مایوسی ہوئی، آپ نے میری لیے یہ فلم ختم کردی‘۔

ایک اورصارف نے کرن جوہر پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ہمیں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر میں ورن، سدھارتھ اور عالیہ ہی چاہئیں، ورنہ اس کا سیکوئل نہیں بن سکتا‘۔

تاہم ایک صارف نے تھوڑی سمجھداری سے کام لیا اور کہا کہ ’لوگوں کو اسٹوڈنٹ آف دی ایئر کے سیکوئل میں ٹائیگر شروف کے ہونے سے کیا مسئلہ ہے؟ پہلی فلم کون سی ماہان تھی؟ اس کے اداکار کون سے دلیپ کمار تھے؟‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں