عمران فاروق کیس: گرفتار شخص ضمانت پر رہا
اسلام آباد:برطانوی پولیس نے عمران فاروق قتل کیس میں حراست میں لیے جانے والے ایک شخص کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
پولیس نے پیر کو ہیتھرو ائیر پورٹ سے باون سالہ ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو فاروق کو قتل کرنے کی سازش کے شبہ میں گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق، زیر حراست شخص کو بعد میں ویسٹ لندن پولیس سٹیشن لے جایا گیا، جہاں انہیں پوچھ گچھ کے بعد ستمبر تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
رواں مہینے، پولیس نے تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے لندن میں دو رہائشی عمارتوں کی جامع تلاشی لی تھی۔
یاد رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے سینیئر سیاست دان عمران فاروق کو ستمبر 2010 میں اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ کام سے واپس گھر جا رہے تھے۔