ہندوستان بالکل گھر جیسا لگا: سجل علی

اپ ڈیٹ 31 اگست 2016
پاکستانی اداکارہ سجل علی — ۔
پاکستانی اداکارہ سجل علی — ۔

پاکستانی اداکارہ سجل علی اس وقت اپنے کیریئر کے سب سے اہم موڑ پر ہیں جہاں ایک طرف ان کی پہلی پاکستانی فلم ’زندگی کتنی حسین‘ ہے جلد ریلیز ہونے والی ہے، جس کے ساتھ وہ بہت جلد بولی وڈ ڈیبیو فلم ’موم‘ میں بھی نظر آئیں گی۔

کئی مشہور پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی سجل علی نے حال ہی میں اپنی بولی وڈ فلم ’موم‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔

ڈان امیجز نے سجل علی سے انٹرویو کیا جس میں اداکارہ نے اپنے مستقبل کے پروجیکٹس کے بارے میں بات کی۔

سجل سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے ’زندگی کتنی حسین ہے‘ جیسی نان کمرشل فلم کے ساتھ ہی فلمی صنعت میں قدم کیوں رکھا؟ جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’زندگی کتنی حسین ہے ایک رومانوی فلم ہے جسے میں نان کمرشل فلم نہیں مانتی، یہ ہر قسم کے ناظرین کے لیے بنائی گئی ہے، مجھے لگتا ہے کہ یہ بہت مختلف فلم ہے‘۔

انہوں نے بولی وڈ فلم ’اڑتا پنجاب‘ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی کافی مختلف فلم تھی جس میں منشیات کی فروخت کے حوالے سے بات کی گئی تھی جسے ریلیز کے بعد اچھا ردعمل موصول ہوا۔

مزید پڑھیں: عدنان صدیقی اور سجل بھی بولی وڈ میں؟

سجل کے مطابق ’میں نے اس فلم میں ایک ایسا کردار ادا کیا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں کیا اور امید ہے کہ یہ مداحوں کو پسند آئے گا، اس موقع پر کامیابی اور ناکامی کے بارے میں سوچنا مشکل ہے، میرا ماننا ہے کہ ہمیں ہر قسم کی فلم بنانی چاہیے تاکہ پاکستانی سینما کو آگے لے جایا جاسکے‘۔

جب سجل سے اس فلم کے حوالے سے اور اس میں ان کے کردار ’ماہرہ‘ کے حوالے سے مزید پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس فلم میں ایک منفرد خاتون کا کردار کر رہی ہوں، وہ ایک ایسی خاتون ہے جو اپنے رشتوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے، ایک مضبوط عورت جو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کرتی ہے‘۔

بولی وڈ فلم میں کام کے تجربے کے حوالے سے سجل کا کہنا تھا کہ ’فلم موم میں کام کرنے کا تجربہ بے حد خوبصورت تھا، جو عزت اور تعریف مجھے وہاں ملی خاص طور پر ساتھی اداکاروں، پروڈیوسرز اور ہدایت کار سے وہ واقعی بہت خاص ہے، میرے لیے یہ سیکھنے کا وقت تھا، ابھی بھی میرا کچھ کام باقی ہے جس کے لیے میں ستمبر میں ہندوستان کا دورہ کروں گی‘۔

واضح رہے کہ فلم ’موم‘ میں بولی وڈ کی معروف اداکارہ سری دیوی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، اس فلم میں سجل کے ساتھ پاکستانی اداکار عدنان صدیقی بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

سجل سے جب سوال کیا گیا کہ کیا انہیں سری دیوی کے ساتھ کام کرنے میں کسی قسم کا دباؤ محسوس ہوا؟تو ان کا کہنا تھا کہ شروع میں وہ کافی ڈری ہوئی تھیں تاہم سری دیوی کے ساتھ پہلا سین شوٹ کرنے کے بعد وہ کافی حد تک مطمئن ہوگئیں۔

انھوں نے سری دیوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ واقعی ایک لیجنڈری اداکارہ ہیں، میری فیملی اور میں ان کے بڑے مداح ہیں، وہ اُن چند لوگوں میں سے ہیں جن کی لُکس کے ساتھ ساتھ شخصیت بھی کافی خوبصوت ہے۔‘

واضح رہے کہ ہندوستانی چینل 'زی زندگی' پر کئی پاکستانی ڈرامے پیش کیے گئے جن میں سجل علی کا ڈرامہ بھی شامل ہے۔

سجل کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان انہیں بالکل گھر جیسا ہی لگا، صرف بولی وڈ سے تعلق رکھنے والے لوگ ہی نہیں بلکہ عام لوگ بھی کافی اچھے اخلاق کے مالک ہیں اور پاکستانیوں کے کام کو پسند کرتے ہیں۔

فلم ’موم‘ میں کام کی حامی بھرنے کے سوال پر سجل نے کہا کہ ’اس فلم کا اسکرپٹ سب سے بڑی وجہ ہے، فلم کی کاسٹ بہت بہترین ہے، میں اکشے کھننہ کی مداح ہوں اور ان کے ساتھ فلم میں کام کرنا بہت خاص تھا، میں کسی بھی فلم میں شوپیس کی طرح پیش نہیں ہونا چاہتی اور اس فلم میں ہر اداکار کو بہتر موقع دیا گیا ہے‘۔

سجل کے مطابق فلم میں نوازالدین صدیقی، عدنان صدیقی، اکشے کھننہ اور سری دیوی سمیت سب نے ہی بہترین کام کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں