شائستہ لودھی کا مارننگ شو سے ڈرامے تک کا سفر

01 ستمبر 2016
شائستہ لودھی — فوٹو/ فائل
شائستہ لودھی — فوٹو/ فائل

بہت سے چینلز پر مارننگ شوز کی میزبانی کرنے والی شائستہ لودھی ان تمام خواتین میں کافی مقبول ہیں جو ہر صبح کا آغاز مارننگ شوز دیکھ کر کرتی ہیں اور اب ان کے مداح جلد ہی انہیں ڈراموں میں کام کرتا بھی دیکھ سکیں گے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے شائستہ نے اپنے ٹی وی ڈرامے اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بتایا۔

شائستہ کا کہنا تھا ’میں جب مارننگ شوز میں کام کررہی تھی تب شوبز سے تعلق رکھنے والے میرے کئی دوستوں نے اپنے ڈراموں کے لیے مجھ سے رابطہ کیا، کبھی کبھار میں نے ہاں کہہ بھی دیا لیکن اپنی دوسری ذمہ داریوں کی وجہ سے میں اپنا وعدہ پورا نہیں کرپائی، لیکن اب کافی کچھ تبدیل ہوچکا ہے اور کیوں کہ میں اپنے مارننگ شو سے وقفہ لے چکی ہوں تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ اب یہ کام کیا جائے‘۔

مزید پڑھیں: شائستہ لودھی نے شادی کرلی؟

فہد مصطفیٰ اور ڈاکٹر علی کاظمی کی پروڈکشن میں بننے والے ڈرامے ’خواب نگر‘ میں شائستہ مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی جس کی ہدایات سید عاطف حسین دیں گے۔

تام شائستہ کے مطابق وہ اتنی آسانی سے اس ڈرامے کے لیے رضامند نہیں ہوئیں اور شروع میں اپنے فیصلے سے مطمئن نہیں تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس ڈرامے کی آفر قبول کرتے وقت میرے ذہن میں کئی سوالات تھے، جیسا کہ کیا میں یہ کر پاؤں گی؟ کیا پروڈیوسر اور ہدایت کار کی ڈیمانڈ کے مطابق میں ویسا کام کر سکوں گی؟‘

شائستہ نے مزید کہا ’میں نروس نہیں تھی بس تھوڑی پریشان تھی، مجھے لگ رہا تھا کہ لوگ میری اداکاری اور میزبانی کا مقابلہ کریں گے، لیکن میں نے آخر کار ایسا کرلیا، اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ لوگوں کو کتنا پسند آئے گا‘۔

جب شائستہ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اداکاری کا آغاز کرنے کے بعد میزبانی چھوڑ دیں گی، تو انہوں نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا، ’میزبانی میرا پہلا جنون ہے اور میں اسے جاری رکھوں گی، اگر مجھے مزید کچھ اچھے پروجیکٹس کی آفرز موصول ہوئی تو میں ضرور کام کروں گی‘۔

مزید ڈراموں میں کام کرنے کے حوالے سے شائستہ نے بتایا کہ وہ ابھی اپنے ایک ڈرامے پر فوکس کرنا چاہتی ہیں اور شائقین کا ردعمل مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔

شائستہ لودھی کا پہلا ڈرامہ ’خواب نگر‘ رواں سال اکتوبر یا نومبر کے دوران نشر کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں