فواد خان ’کافی ود کرن‘ کے نئے سیزن میں پہلے مہمان

07 ستمبر 2016
پاکستانی اداکار فواد خان — فوٹو/ فائل
پاکستانی اداکار فواد خان — فوٹو/ فائل

پاکستانی اداکار فواد خان بولی وڈ میں ایک کے بعد ایک کامیابی کی سیڑھی چڑھتے جارہے ہیں اور اب یہ اداکار کرن جوہر کے کامیاب شو ’کافی ود کرن‘ کے نئے سیزن کی پہلی قسط میں مہمان بن کر شریک ہوں گے۔

فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں فواد کا مرکزی کردار، آئیفا ایوارڈز کی ہوسٹنگ، فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد کے مختصر کردار کو بڑھا کر اہم کرنا اور اب اس شو کی پہلی قسط میں فواد کا شامل ہونا، ان سب باتوں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے فواد خان اور کرن جوہر کی بڑھتی دوستی کافی آگے تک جائے گی۔

مزید پڑھیں: فواد اور دپیکا کی 'خفیہ' چھٹیاں

رپورٹس کے مطابق فواد سے قبل اس سیزن کی پہلی قسط کے لیے کرن جوہر کے قریبی دوست شاہ رخ خان کو مدعو کرنے پر غور کیا جارہا تھا تاہم بعد ازاں فواد خان کا نام سامنے آگیا۔

’کافی ود کرن‘ شو کے اب تک 4 سیزن نشر کیے جاچکے ہیں، اس پروگرام کا آغاز 2004 میں ہوا تھا۔ اس شو میں بولی وڈ کی نامور شخصیات شرکت کرتی ہیں جنہیں کرن جوہر کے سخت سوالوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ساتھ ساتھ وہ اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی بات کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فواد خان کے ساتھ اس شو کی پہلی قسط میں عالیہ بھٹ اور دپیکا پڈوکون میں سے کسی ایک کو شامل کرنے کا خیال پیش کیا گیا ہے تاہم اب تک فیصلہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ فواد خان اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ میں کام کرچکے ہیں، تاہم دپیکا پڈوکون اور فواد خان نے اب تک کسی فلم میں ایک ساتھ کام نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: فواد خان اور دپیکا کے ریمپ پر جلوے

خبریں تھیں کہ دپیکا پڈوکون اپنی آنے والی فلم ’پدماوتی‘ میں فواد خان کو ان کے شوہر کے کردار میں کاسٹ کروانے کی خواہش مند تھیں اور انہوں نے کئی بار اس کا اظہار اپنے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی سے بھی کیا تاہم فواد کے مصروف شیڈول کے باعث اس کردار کے لیے شاہد کپور کو کاسٹ کیا گیا ہے۔

فواد خان اور دپیکا پڈوکون ایک ساتھ ہندوستانی ڈیزائنر منیش مہلوترا کے شو میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے جہاں ان کی جوڑی کو خوب سراہا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں