ہندوستان اپنے 500ویں ٹیسٹ میں مشکلات کا شکار
کانپور: نیوزی لینڈ نے ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر کی بہترین باؤلنگ کی بدولت سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ہندوستان کے 9 بلے بازوں کو 291 رنز پر آؤٹ کردیا۔
ہندوستان کی ٹیم اپنی تاریخ کے 500 ویں ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی بلے بازوں کی جانب سے عمدہ آغاز کے باوجود شدید مشکلات کا شکار ہوئی۔
کپتان ویرات کوہلی اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور صرف 9 رنز بنانے کے بعد نیل ویگنر کا شکار بنے جبکہ اس سے قبل لوکیش راہول اور مرلی وجے نے پہلی وکٹ میں 42 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
مرلی وجے اور چتیشور پجارا نے ہندوستان ٹیم کی جانب سے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں بلےبازوں نے بالترتیب 65 اور62 رنز بنائے جس کے بعد کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔
روہت شرما اور ایشون نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا تاہم روہت شرما اسکور کو 261 تک پہنچا نے کے بعد 35 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر ایش سودھی کو کیچ دےبیٹھے جبکہ ایشون 40 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا نشانہ بنے۔
اجانکیا راہانے 18 رنز، وریدھمن ساہا اور محمد شامی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ہندوستان نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر 9 وکٹیں گنوا کر 291 رنز بنائے تھے۔
رویندرا جدیجا 16 اور امیش یادیو 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، نیل ویگنر،مارک کریگ اور ایش سودھی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔












لائیو ٹی وی