صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کے دوران 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی لاہور نے خفیہ اطلاع پر سرگودھا میں کارروائی کی اور 4 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، تاہم سی ٹی ڈی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ملزمان کا تعلق کس تنظیم یا گروپ سے ہے اور وہ سرگودھا میں کس غرض سے موجود تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سے متعدد خودکش جیکٹس اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

پولیس ذرائع نے گرفتار ملزمان کی شناخت ممتاز، داؤد، دلاور اور عبدالکریم کے ناموں سے کی ہے۔

مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 'دہشت گرد' ہلاک

گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل بھی پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنا پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ ماہ سے پنجاب پولیس کا سی ٹی ڈی ڈپارٹمنٹ غیر معمولی طور پر فعال ہو گیا ہے اور انھوں نے متعدد کارروائیوں کے دوران سیکڑوں مبینہ دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کرنے اور درجنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

29 اکتوبر 2016 کو گوجرانوالہ میں پولیس نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: القاعدہ کے مزید 6 دہشت گرد ہلاک

پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گذشتہ ہفتے بھی دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے لاہور میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 'دہشت گردوں' کا پیچھا کیا تھا تاہم وہ اپنے ہی متعدد ساتھیوں کو ہلاک کرکے فرار ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 18 اکتوبر 2016 کو سی ٹی ڈی نے گجرانوالہ میں کارروائی کے دوران القاعدہ کے 3 ’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

17 اکتوبر کو پنجاب پولیس نے شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

23 جولائی کو ضلع راجن پور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

19 مئی کو پنجاب پولیس نے ملتان کے علاقے نواب پور میں کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے 8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: شجاع خانزادہ خودکش حملہ: 'مرکزی ملزم' گرفتار

20 مئی 2016 کو مظفر گڑھ کے قریب مونڈکا چوک کے علاقے میں القاعدہ کے 6 مبینہ دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔

6 اپریل 2016 کو سی ٹی ڈی نے لاہور میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 6 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔

17 فروری 2016 کو سی ٹی ڈی نے پنجاب کے علاقے اندرنالہ شرقپور میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں