پیرس: یونیسکو کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا میں ہر چار سے پانچ دنوں میں ایک صحافی کو ہلاک کردیا جاتا ہے۔

یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ دہائی کے دوران 827 صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران مارے گئے۔

رپورٹ کے مطابق صحافیوں کے بدترین ممالک میں شام، عراق، یمن اور لیبیا شامل ہیں جبکہ لاطینی امریکا بھی صحافیوں کے لیے خطرناک خطہ ہے۔

2006 سے 2015 تک صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے مرتب کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو برس کے دوران 59 فیصد صحافی جنگ زدہ علاقوں میں ہلاک ہوئے جبکہ اسی عرصے کے دوران 213 میں سے 78 صحافی عرب ممالک میں ہلاک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان میں صحافی کا قتل

رپورٹ کے مطابق مغربی یورپ اور شمالی امریکا کا خطہ صحافیوں کے لیے نیا خطرہ بن کر ابھر رہا ہے جہاں 2014 میں ایک بھی صحافی ہلاک نہیں ہوا تھا تاہم گزشتہ برس یہ تعداد 11 رہی۔

اس کے علاوہ مقامی صحافیوں کو جانوں کو غیر ملکی صحافیوں سے زیادہ خطرات درپیش رہے اور متاثرہ صحافیوں میں ان کی تعداد 90 فیصد رہی۔

تاہم 2014 میں غیر ملکی صحافیوں کی ہلاکت کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا تھا جب 17 صحافیوں کو فرائض کی انجام دہی کے دوران قتل کیا گیا۔

گزشتہ برس آن لائن صحافیوں کی ہلاکت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور 21 صحافی ہلاک ہوئے جبکہ 2014 میں یہ تعداد محض 2 تھی اور ان میں سے نصف شامی بلاگرز تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ایک اور صحافی کی 'ٹارگٹ کلنگ'

رپورٹ کے مطابق خاتون صحافیوں کے مقابلے میں مرد صحافیوں کی ہلاکت 10 گنا زیادہ رہی جبکہ پرنٹ میڈیا سے زیادہ الیکٹرانک میڈیا کے صحافی ہلاک ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 برس کے دوران صحافیوں کی ہلاکت کے علاوہ ان کے اغواء، نظر بندی، تشدد، دھمکی اور ہراساں کیے جانے کے متعدد واقعات بھی سامنے آئے۔

یہ خبر 3 نومبر 2016 کو ڈان اخبار میں ہوئی


تبصرے (0) بند ہیں